’اہیریا ذات کو درج فہرست قبائل کے زمرے میں شامل کیاجائے‘

یواین آئی

نئی دہلی// سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو نے منگل کو راجیہ سبھا میں اتر پردیش کی اہیریا درج فہرست قبائل کے زمرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ایوان میں وقفہ صفر کے دوران اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں مرکزی حکومت کو ایک میمورنڈم بھیجا تھا جسے معمول کے عمل کے ذریعے مسترد کردیا گیا۔ یادو نے کہا کہ اس اہیریا ذات کو درج فہرست قبائل کے زمرے میں شامل کرنے کی پوری اہلیت ہے۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں سماجی، اقتصادی اور ثقافتی مطالعہ کرایا ہے۔ مرکزی حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہئے اور اہیریا ذات کو درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے قبل یہ ذات درج فہرست قبائل کے زمرے میں شامل تھی۔ترنمول کانگریس کے سمیر الاسلام نے کہا کہ مغربی بنگال میں منریگا فنڈز نہیں دیے جا رہے ہیں۔ ریاست میں 20 لاکھ لوگ منریگا پر منحصر ہیں۔ منریگا فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے دیہی معیشت بگڑ رہی ہے۔ مرکزی حکومت کو اس سلسلے میں توجہ دے اور منریگا فنڈ جاری کرنا چاہیے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے رادھا موہن داس اگروال نے گرام پنچایت سطح پر نمائندوں کو اعزازیہ دینے کا مطالبہ کیا۔