اہم خبریں

مغل شاہراہ پر ٹریفک کا دبائو
منڈی پھاگلہ سڑک پر پل گرنے کی دہلیز پر پہنچ گیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// بفلیاز پھاگلہ منڈی سی آر ایف روڈ کا ایک پل کو خطہ میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جموں سرینگر شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے میوہ جات کیساتھ ساتھ دیگر سا زوسامان والے ٹرک مغل شاہراہ سے گزرتے ہیں تاہم اس دوران مذکورہ رابطہ سڑک سے ٹریکوں کی لگ بھگ نصب تعداد گزرتی ہے جس کی وجہ سے رابطہ سڑک پر چنگ تراڑاں کے مقام پر تعمیر شدی پل آہستہ آہستہ گرنے کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس پل کی انتہائی خستہ حالی کی وجہ سے مغل شاہراہ پر جام جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ٹریفک کے دبائو کو دیکھتے ہوئے متعلقہ حکام کی جانب سے ٹریفک کو اس رابطہ سڑک پر بھی چھوڑا جارہا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہونا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پل کو صحیح طریقے سے تعمیر ہی نہیں کیاگیا تھا جس کی وجہ سے مذکورہ صورتحال پیدا ہو ئی ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کسی حادثے سے قبل ہی سڑک پر بنائے گئے پل کی مرمت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ غیر معیاری کام کا بھی سنجیدہ نوٹس لیا جائے ۔

پنچایتی اراکین کو 6ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ڈویژن سرنکوٹ کے سرپنچوں و پنچوں کی الگ بھگ چھ ماہ سے تنخواہیں واگزار نہیںکی گئی ہیں ۔سرپنچ ایسوسی ایشن کے بلاک سرنکوٹ کے صدر سید واحید حسین شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرپنچوں و پنچوں نے ملک سالمیت برقرار رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے لیکن اس وقت سرپنچوں و پنچوں کی مشکلات بڑھنا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکامی کی لاپرواہی کی وجہ سے پنچایتی اراکین کے پاس دکانداروں سے کھانے پینے کا سامان لینے تک کے پیسے نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سرپنچ و پنچ حضرات پسماندہ علاقوں میں مقامی لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنا رول ادا کررہے ہیں لیکن ان کے پاس بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اخراجات تک نہیں ہیں ۔موصوف نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پنچایتی اراکین کی اقتصادی اوو معاشی حالت بدحالی کاشکار ہو گئی ہے ۔سرپنچ ایسوسی ایشن کے صدر کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی تنخواہیں وگزار کی جائیں ۔

کنڈی بلاک میں ’عالمی یوم قلب‘منایا گیا
سیدزاہد
بدھل //ہر برس کی طرح رواں برس بھی 29ستمبر کو ہیلتھ بلاک کنڈی میں عالم یوم قلب منایا گیا تاکہ لوگوں کو دل کی مختلف بیماروں اور ان کے بچائو کے سلسلہ میں بیدار کیا جاسکے ۔ڈائرکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سلیم الرحمن کی ہدایت پر محکمہ صحت کوٹرنکہ کی جانب سے ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام میں ڈاکٹر عبدالحمید، سی ایم او راجوری نے بطور مہمان خصوصی تقریب کا افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالحمید سی ایم او راجوری نے کہا کہ ’ڈبلیو ایچ او کا اندازہ ہے کہ قلبی امراض سے ہر سال 17.9 ملین افراد ہلاک ہوتے ہیں اور دنیا بھر میں ہونے والی اموات کا 31 فیصد حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمباکو اور شراب کا استعمال، غیر صحت بخش خوراک، سونے کے متضاد انداز، تناؤ اور جسمانی غیرفعالیت دل کی بیماری کے بڑے خطرے والے عوامل میں سے ہیں۔ڈاکٹر اقبال ملک بی ایم او کنڈی نے کہاکہ مذکورہ دن کی مناسبت سے عوام کو قلب کی مختلف بیماریوں سے بیدار کرنے کیساتھ ساتھ ان کو اس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے بیدار کیا جاتا ہے ۔

باباذکری شاہ زیارت منگوٹہ میں لاکھوں کی چوری
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے گاؤں منگوٹہ میں مشہور و معروف زیارت پیر بابا ذکری شاہ پر رات کے وقت چوروں نے ڈاکہ ڈالا جس کے نتیجے میں تقریباً زیارت سے ڈیڑھ لاکھ کی نقدی چوری ہو گئی۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی زیارت کے ملازمین نے معاملے کی اطلاع تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ کو دی۔ اس کے فوراً بعد تحصیلدارتھنہ منڈی موقع پر پہنچ گئے اور زیارت پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اس واقع میں ملوث افراد کے خلاف مناسب کارروائی کے لئے معاملہ پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ایس ایچ اوتھنہ منڈی انسپکٹر شوکت حسین نے ایف آئی آر نمبر 2022/130 زیر دفعہ 380 آئی پی سی کے تحت ایک مقدمہ درج کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس واقع میں ملوث تمام افراد کو بخشا نہیں جائے گا کیونکہ انتہائی باریک بینی سے پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

گاندھی مہا اتسو پروگرام میں ضیاء الرحمن اعزاز سے سرفراز
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ڈائریکٹر اسکول آف ایجوکیشن جموں کے زیر اہتمام ٹیچر بھون گاندھی نگر جموں میں مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی میں گیارہویں جماعت کے ہونہار طالب علم ضیاء الرحمن نے نظم گوئی کے صوبائی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کر کے اپنے ضلع اور علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں تحصیل اور ضلعی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں ضیاء الرحمن بتدریج پہلا مقام حاصل کر چکا ہے۔ اس اہم مقابلہ میں پہلا مقام حاصل کرنے پر پرنسپل سکریٹری اور ڈائریکٹر سکول آف ایجوکیشن جموں کی جانب سے بچے کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مسلم ایجوکیشنل کے ساتھ ساتھ پورے علاقے میں خوشی کی لہر ہے اور بچے کے لئے تہنیتی اور مبارکبادی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں پر کلچرل انچارج راجوری شہزاد احمد مغل کو بھی پرنسپل سیکرٹری آلوک کمار اور ڈائر یکٹر سکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر روی شنکر شرما نے ان کی شاندار کارکردگی پر اعزاز و اسناد سے نوازا۔ واضح رہے کہ شہزاد مغل نے ضلع راجوری میں شانتی یاترا کو بڑی لگن اور جوش و خروش کے ساتھ کامیابی سے انجام دیا تھا جس میں مختلف اضلاع کے طلباء نے حصہ لیا۔واضح رہے کہ شہزاد مغل نے ضلع راجوری میں شانتی یاترا کو بڑی لگن اور جوش و خروش کے ساتھ کامیابی سے انجام دیا تھا جس میں مختلف اضلاع کے طلباء نے حصہ لیا اور گاندھی مہا اتسو 2022 پروگرام کے تحت ضلع راجوری میں شہزاد احمد مغل کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔

 

پونچھ میں بڑے سانحہ کو بروقت ٹالنے پر پولیس کی سراہنا
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ میں دھماکہ خیز مواد کے ساتھ خاتون کے پکڑے جانے پرپولیس کی مقامی شہری سراہنا کر رہے ہیں۔شہریوں نے ڈی ایس پی آپریشن اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی ہے کہ انہوں نے پونچھ میں کسی بڑی سازش کا ناکام بنایا ہے۔انہوں نے کہا یہ پونچھ پولیس کا قابل ستائش کام ہے جس کی جتنی سراہنا کی جائے کم ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلع اودھم پور میں ایک کے بعد ایک دھماکوں نے تباہی مچا دی ہے۔انہوں نے ایس ایس پی پونچھ کا شکریہ ادا کیا جن کی قیادت میںایجنسیوں نے ایک بڑا کارنامہ انجام دیا۔جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن پونچھ ایڈوکیٹ بھانو پرتاپ نے بھی پونچھ میں آئی ای ڈی پکڑنے میں جے کے پی کے فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز پونچھ شہر سے 4 کلو گرام آئی ای ڈی برآمد کیا گیا یہ پولیس کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی روہت بسکوتراکی نگرانی میں ڈی ایس پی منیش شرما کی جانب سے فوری کارروائی کی تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کے ذمہ داروں سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے راجوری دورے سے قبل یہ مواد پکڑا جانا کسی بڑے خطرے کی طرف اشارہ ہے۔اس حوالے سے ایس ایس پی پونچھ نے بتایانے کہ پولیس کی تفتیش جاری ہے اور بہت جلداس سازش سے نقاب اٹھ جائے گا۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جب بھی انہیں کوئی لاوارث مواد ملے تو فوری طور پولیس کو اطلاع دیں۔

فلاحی سکیموں کی عمل آوری
سرحدی عوام نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی حدِ متارکہ کے نزدیک رہنے والی عوام جو کہ ہمیشہ ہند و پاک افواج کے درمیان ہونے والی گولہ باری سے پریشان رہتے تھے ،جنگ بندی کے بعد جہاں وہ پرسکون زندگی گزار رہے ہیں وہی ضلع انتظامیہ کی جانب سے انہیں سرکاری اسکیموں کا فائدہ بھی پہنچایا جا رہاہے۔سرحدی پنچایت بگیال درہ کے شہریوں نے بتایا کہ ان کے گائوں میں کئی مستحق کنبوں کو پی ایم اے وائی اسکیم کے تحت نئے مکان تعمیر کروا کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے مرکزی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کی ستائیش کی ہے اور اْمید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی جنگ بندی معاہدہ اسی طریقے سے برقرار رہے گا تاکہ عوام اسی طرح راحت کی زندگی بھی بسر کرسکے اور سرکاری اسکیموں سے مستفید ہوتے رہیں۔

اقلیتی طبقہ سے متعلق بیان،وکلاء کی شدید مذمت
حسین محتشم
پونچھ//ضلع کورٹ کمپلیکس پونچھ میں وکلا ء نے سابقہ اے ڈی جی پی چوہدری مسعود کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں کہا گیاتھا کہ سکھ اور ہندو طبقہ کے لوگ پہاڑی کی مانگ سے دور رہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے وکلاء نے کہا ہے کہ سابقہ اے ڈی جی پی نے ہندو اور سکھ برادری کے لوگوں کو کہا ہے کہ وہ پہاڑیوں کی جدوجہد میں شامل نہ ہوں کیونکہ اس اسٹیٹس کا ان کو کوئی فائدہ نہیں ملنے والاتاہم وہ اس قسم کے بیان کو کبھی برداشت نہیں کرئینگے ۔سینئرایڈوکیٹ راجندر سنگھ اور ایڈوکیٹ مہیندر پیاسا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سابق اے ڈی جی ہی کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی سٹیٹس پہاڑیوں کا آئینی حق ہے جس کا حکومت ہند نے وعدہ کیا ہے۔وکلاء نے وزیر داخلہ امت شاہ کے دورہ راجوری کا خیرمقدم کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق پہاڑیوں کی درینہ مانگ کو پورا کریں۔وکلاء نے پہاڑی طبقہ سے منسلک تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چار اکتوبر کو راجوری میں ہونے والی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی میں شرکت کرکے پہاڑی کاز کو مضبوط بنائیں۔

کرشن چندر پارک پونچھ میں گوجروں کا اجلاس
پہاڑیوں کو الگ سے ریزرویشن دی جائے :مقررین
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے کرشن چندر پارک میں گوجر بکروال برادری کی جانب سے آل جموں وکشمیر ٹرائبل ویلفیئر فورم یونٹ پونچھ کے بینر تلے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں بولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ ان کو دئیے گئے ایس ٹی سٹیٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے ۔اس اجلاس میں دہلی، راجستھان، راجوری، جموں و کشمیر کے کئی گوجر بکروال لیڈران کے علاوہ منڈی، سرنکوٹ، مینڈھر اور پونچھ کے مختلف حصوں سے منتخب نمائندوں، سماجی کارکنوں اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے گجر بکروال لیڈروں نے کہا کہ پونچھ میں یہ اجتماعی جلسہ ہمارا احتجاج درج کرانے کے لئے ہے تاکہ مرکزی وزیر داخلہ جلد بازی میں غلط فیصلہ نہ لیں۔انہوں نے کہا کہ پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ الگ سے دیا جائے جبکہ ان کی پوزیشن کیساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے ۔انہوں نے مرکزی حکومت سے پہاڑی برادری کو مزید ریزرویشن فراہم کرنے پر زور دیا لیکن گجر بکروال طبقہ کے خصوصی ایس ٹی کا درجہ کو بالکل نہ چھیڑا جائے۔اس اجلاس میں بی ڈی سی ممبر جمیل کوہلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی لیڈر پرواز چودھری و دیگران بھی موجود تھے ۔