اگلا سال بہتر ہوگا آپریشنز جاری رہیں گے:ڈی جی

 جموں// ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہا ہے کہ وادی میں معمول کے حالات بحال ہورہے ہیں اور رواں برس کے مقابلے میںسال2018میں کم چیلنج درپیش ہونگے۔ایک تقریب کے حاشیے پر گفتگو کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے جنگجوئوں کے خلاف جو ’’آپریشن آل آئوٹ‘‘ شروع کیا ہے، وہ ریاست میں مکمل قیام امن تک جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا’’وادی کے عوام بہت جلد امن محسوس کریں گے ‘‘۔انہوں نے جنگجوئوں کی ہلاکت کے بارے میں کہا’’اس کامیابی کا سہرا سیکورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کے سرجاتا ہے جنہوں نے آپریشن کے تحت سخت محنت کی ،خاص طور پر ان لوگوں نے جو اپنی جانیں گنوا بیٹھے‘‘۔ڈی جی پولیس نے کہا’’میں نہیں سمجھتا کہ آنے والا سال رواں برس کی طرح چیلنج سے پُر ہوگا، اگلا سال بہتر ہوگا‘‘۔