جموں//حکام کی طرف سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے روزانہ نت نئے دعوے کئے جاتے ہیں مگر حقیقی صورتحال اس سے بالکل مختلف ہے ۔احتیاطی تدابیر کے علاوہ وینٹی لیٹر ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس سے کورونا کے مریضوں کا علاج کیاجارہاہے تاہم صوبہ بھر میں صرف 96وینٹی لیٹر ہیں ۔جہاں خطہ چناب میں صرف 10وینٹی لیٹر مہیا ہیں وہیں خطہ پیر پنچال میں اس سے بھی نصف کم تعداد میں وینٹی لیٹر موجود ہیں ۔2لاکھ 31ہزار آبادی والے ضلع کشتواڑ میں ایک بھی وینٹی لیٹر نہیں ہے ۔اس حوالے سے چیف میڈیکل افسر کشتواڑ رویندر منہاس نے بتایاکہ ضلع میں ایک بھی وینٹی لیٹر نہیں ہے جبکہ انہیں کم سے کم دو وینٹی لیٹر درکار ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سب ضلع ہسپتال میں وینٹی لیٹر کے ساتھ ساتھ ان کو چلانے والے ماہر کی بھی ضرورت ہے ۔4لاکھ 95ہزار آبادی والے ضلع ڈوڈہ میں 8وینٹی لیٹر دستیاب ہیں لیکن سب ضلع ہسپتال گندو ٹھاٹھری میں ایک بھی وینٹی لیٹر نہیں رکھاگیا ۔اسی طرح سے 2لاکھ 83ہزار کی آبادی والے ضلع رام بن میں 2وینٹی لیٹر رکھے گئے ہیں جبکہ قومی شاہراہ پر واقع ہونے کی وجہ سے اس ضلع میں مزید کئی وینٹی لیٹروں کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔خطہ پیر پنچال کے ضلع راجوری میں 4وینٹی لیٹر ہیں جن میں سے 2کوکورونا وائرس کیلئے مختص رکھے گئے آئیسو لیشن وارڈ میں نصب بھی کیاگیاہے ۔ضلع کی نو سال قبل کی گئی مردم شماری کے مطابق آبادی 6لاکھ 19ہزار ہے جس کیلئے محض چار وینٹی لیٹر ناکافی سمجھے جارہے ہیں جبکہ ضلع میں اب تک کورونا وائرس کے تین معاملات مثبت پائے گئے ہیں ۔وہیں سرحدی ضلع پونچھ کے کسی بھی ہسپتال میں وینٹی لیٹر موجود نہیں ہے البتہ ایک وینٹی لیٹر ایمبولینس گاڑی میں نصب رکھاگیاہے ۔4لاکھ 76ہزار کی آبادی والے اس ضلع کے مریضوں کو مشکل صورتحال میں مقامی سطح پر علاج کی بہتر سہولت میسر ہوتی ہے اورانہیں جموں منتقل کیاجاتاہے جس کا فاصلہ لگ بھگ ڈھائی سو کلو میٹر ہے ۔اگر مجموعی طو رپر جموں صوبہ کی بات کی جائے تو صوبہ بھر میں 53لاکھ سے زائدکی آبادی کیلئے 96وینٹی لیٹر ہیں جن میں سے کچھ پرائیویٹ نرسنگ ہومز میں بھی ہیں ۔ صوبہ بھر میں 73بڑے وینٹی لیٹر ہیں جبکہ 23چھوٹے جنہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیاجاسکتاہے ۔ اعدادوشمار کے مطابق گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں میں 9چھوٹے وینٹی لیٹروں سمیت 24وینٹی لیٹر ہیں جبکہ ایس ایم جی ایس میں 2نصب رکھے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ سی آر پی ایف ہسپتال بن تالاب میں 4،بترہ ہسپتال میں 6،نارائنہ سپرسپیشلسٹی ہسپتال میں 5اورصوبہ بھر کے مختلف مقامات پر واقع نرسنگ ہومز میں 37چھوٹے بڑے وینٹی لیٹر ہیں ۔ضلع کٹھوعہ میں 7وینٹی لیٹر موجود ہیں ۔کشمیر صوبہ میں وینٹی لیٹروں کی تعداد112ہے ۔صحت حکام کے مطابق جموں صوبہ میں 1157آئیسولیشن بستر جبکہ صوبہ کشمیر میں 1181آئیسو لیشن بستر ہیں ۔اسی طرح سے جموں میں قرنطینہ بستروں کی تعداد 18ہزار341جبکہ کشمیر میں یہ تعداد8ہزار602ہے ۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر کیلئے 400وینٹی لیٹرحاصل کرنے کا عمل شروع کیاگیاہے اوران میں سے اب تک 34وینٹی لیٹر موصول بھی ہوئے ہیں ۔
اگر وینٹی لیٹروں کی ضرورت بڑھ گئی تو کیا ہوگا؟ | خطہ پیر پنچال میں محض 5،چناب خطہ میں 10،پورے صوبہ جموں میں صرف96 دستیاب
