اکھنور کے آیورویدک کالج کم ہسپتال کا دورہ کیا

جموں//گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے گورنمنٹ آیورویدک کالج کم ہسپتال اور جنرل نرسنگ اینڈ میڈ وائف فری سکول کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اتل ڈولو ، پرنسپل جی ایم سی جموں ڈاکٹر سنندا رینہ ، ڈائریکٹر آئی ایس ایم ڈاکٹر پھنسگ آنچک ،ایم ڈی جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ تصدق جیلانی و دیگر انتظامی افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔مشیر کو بتایا گیا کہ یہ پروجیکٹ 2994.4لاکھ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے اور 4245.07 مربع میٹر کی اراضی پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اِس ہسپتا ل میں 60 کلاس روم ،عجائب گھر ،ایمرجنسی بلاک ، او پی ڈی بلاک ، اننستھیزیا ، فیکچر کلنک، کایا چکسا، پرسوتی ایوم سٹریروگیس،شالیہ وارڈ ودیگر لیبارٹری سیکشن ہوں گے ۔انہیں بتایا گیا کہ ہسپتال کے لئے مقرر شدہ اراضی کی بھرائی ، اندورنی سڑکوں کی تعمیراور سمپ ٹینک کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جبکہ بجلی کی فراہمی ، فصیل بندی کا کام جاری ہے۔مشیر موصوف نے طبی تعلیم کے طلاب کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔اُنہوں نے طلباء کے روشن مستقبل کے لئے دعا کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے تمام مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کرے گی۔ڈاکٹروں ، فیکلٹی اور ہسپتال انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہاکہ طبی اداروں کو اور زیادہ استحکام بخشنے اور انہیں مریض دوست بنانے کے سلسلے میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت گورنمنٹ آیورویدک ہسپتال کو ترقی دینے کے سلسلے میں ضروری امداد فراہم کرے گی۔بعد میں مشیر موصوف جنرل نرسنگھ اینڈ میڈ وائفری سکول اکھنو ر کا معائینہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔