اکھنور میں پولیس چوکی پر پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج

جموں// پولیس نے جموں شہر کے سرحدی علاقہ اکھنور میں پرگوال پولیس چوکی پر پتھر بازی کرنے کے پاداش میں قریب نصف درجن افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ایس ڈی پی او اکھنور ورن جندیل نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ دو بھائیوں کے درمیان زمین تنازعہ چل تھا اور معاملہ عدالت میں تھا۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے ایک فریق کو ضمانت دی جس پر دوسرا فریق ناراض ہوا اور پولیس پر مخالف فریق کی حمایت کرنے کا الزام لگایا۔ان کا کہنا تھا کہ ناراض فریق نے بدھ کی شام دیر گئے احتجاج درج کیا اور پرگوال پولیس چوکی پر پتھر بازی کی۔موصوف ایس ڈی پی او نے کہا کہ ایک بھائی نے خود ہی اپنے آپ کو پیٹا اور الزام پولیس پر لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ ناراض فریق نے اپنے گاؤں کے کچھ افراد کو لے کر پولیس چوکی کے سامنے احتجاج کیا اور پتھر بازی کی جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پتھر بازی کرنے والوں کی شناخت ہو چکی ہے اور ان کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔