منڈی// سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کی پنچائت اڑائی ملکاں کے وارڈ نمبر پانچ میں دوماہ قبل سڑک کی غرض سے زمینوں پر کھدائی کی گئی تھی تاکہ ان علاقہ جات کو سڑک سے جوڑا جا سکے مگر ٹھیکیدار کی لاپرواہی کی وجہ سے نہ ہی وہ سڑک بن پائی اور نہ ہی لوگوں کی زمینیں بچ پائی ہیں ۔زمین کی کٹائی کی وجہ سے کئی رہائشی مکانات متاثر ہورہے ہیں جبکہ اس دوران جمیل احمد نامی غریب شخص کا دو منزلہ مکان زمین بوس ہوگیا ہے اور پورہ کنبہ شیر خوار بچوں سمیت سخت ترین برف باری اور بارشوں میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوگیاہے ۔اہل خانہ نے بتایا کہ رہائشی مکان زمین بوس ہو گیا ہے جبکہ اب متبادل جگہ پر ایسی نہیں ہے جہاں پر رہائشی مکان کی تعمیر عمل میں لائی جاسکے ۔ مکینوں کا ماننا ہے کہ سڑک بنانے سے علاقہ مکینوں کو فائدہ کے بجائے ان کا نقصان ہو رہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹھیکیدار کی مفاد پرستی کی وجہ سے اس وقت غریب کنبہ بے گھر ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گھر منہدم ہونے کی وجہ سے متاثرہ کنبہ کے نو افراد سخت سردی میں کھلے عام رہنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سڑک سے ہوئے نقصان کا ایک ٹیم مقررہ کرکے جایزہ لے تاکہ نقصان شدہ کنبے کو معاوضہ مل سکے ۔جمیل احمد اور عبدلقدوس نے بتایا کہ سڑک کی کٹائی کی وجہ سے ان کا دو منزلہ رہایشی مکان زمین بوس ہوگیا جس کے ساتھ ساتھ ان کا مال مویشی بھی بے گھر ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے گھر کا تمام سامان نکال کر دوسری جگہ منتقل کرنا پڑا ۔ متاثرین نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کو ریلیف فراہم کی جائے ۔
اڑائی ملکاں میں سڑک کی کٹائی سے دو منزلہ مکان منہدم | 9افراد پر مشتمل کنبہ بے گھر ،انتظامیہ سے ریلیف کا مطالبہ
