اپوزیشن اتحاد سے خائف بی جے پی سی بی آئی سے ڈرا رہی ہے : اکھلیش

لکھنؤ//اترپردیش کے سابق وزیر اعلی و سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے پیر کو الزام لگایا کہ عام انتخابات سے قبل بی جے پی سی بی آئی کا استعمال کر کے اپوزیشن کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے ۔یادو نے اتوار کی رات مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی سے بات کی تھی انہوں نے ممتا کے ساتھ ان کے دھرنے میں شامل ہونے کے لئے ایس پی کے نائب صدر کرن موئے نڈا کو کولکاتہ بھیجا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ اتوار کی رات کولکاتہ پولیس نے سی بی آئی کے افسروں کو اس وقت گرفتار کرلیا تھا جب وہ وہاں کے پولیس کمشنر راجیو کمار سے پوچھ گچھ کرنے کے لئے گئے تھے ۔ اس کے فورابعد ممتا بنرجی آئین بچاؤ کا نعرہ دیتے ہوئے دھرنے پر بیٹھ گئی تھیں۔مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی اور سی بی آئی کے ہر قدم کے خلاف ان کی پارٹی ممتا بنرجی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ۔ ایس پی صدر نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے پہلے سی بی آئی کے ایک ڈائرکٹر سے ڈر گئی تھی اور اب جانچ ایجنسی کی مدد سے دوسروں کو ڈرانے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے آئینی اداروں کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صرف بی جے پی ہی ہے جس نے ان اداروں کو اپنی سیاسی مفاد کے خاطر استعمال کیا ہے ۔یواین آئی