اپنے مسائل کا حل خود تجویز کریں ، محکمہ مدد دینے کیلئے تیار

سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے مسائل کا حل خود تجویز کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ صرف انتظامیہ کی طرف دیکھنے کے بجائے مسئلہ حل کرنے والی گاڑی کے ڈرائیور بنیں ۔ مشیر محکمہ زراعت کشمیر کے زیر اہتمام کسانوں کے ساتھ ایک انٹر ایکٹو سیشن کے دوران خطاب کر رہے تھے ۔ اپنے خطاب کے دوران مشیر نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ کاشتکاری میں پوری دلچسپی لیں کیونکہ تجارت کی قسمت کافی بدل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسان ملازمت کے متلاشی ہونے کے بجائے دُنیا بھر میں نوکری کے تخلیق کار بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کو گذشتہ چند برسوں سے مناسب پہچان اور عزت مل رہی ہے ۔ انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ دیسی برانڈز کو مناسب ٹیگنگ ، لیبلنگ اور پیکجنگ کے تحت فروغ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی جدید خیالات سے بڑھتی ہے نہ کہ صرف انتظامی مداخلتوں سے ۔ مشیر خان نے کسانوں کو زمین کو اپنی شناخت بنانے کی ترغیب دی ۔ انہوں نے کہا کہ زمین کی اہمیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے نئے سرے سے نہیں بنایا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تبادلوں کے ذریعے قلیل مدتی فوری منافع کمانے کے بجائے پائیدار فوائد کیلئے اس کی حفاظت کریں ۔ مشیر نے کسانوں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے اور چھوٹی زمینوں کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے کواپریٹو فارمنگ اپنائیں ۔ انہوں نے انہیں جدید ٹیکنالوجی اور تکنیک کو اپنانے کی تجویز دی تا کہ منافع کے مارجن کو بڑھا سکیں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور اپنی ذہانت اور توانائی کو زراعت کے شعبے کو آگے بڑھانے میں لگائیں ۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ انتظامیہ کے مکمل تعاون سے اپنی کوالٹی چیکنگ لیب قائم کریں ۔ مشیر خان نے افسران اور کسانوں سے کہا کہ وہ آپسی تا میل سے مسائل پر غور کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ زمینی حقائق کا جائیزہ لینے کے بعد ہر مسئلے کا حل تجویز کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ اپنی آمدنی میں کئی گنا اضافہ کرنے کیلئے زراعت کے ہر شعبے میں دنیا کے بہترین ماڈل تیار کریں ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ہارٹیکلچر اعجاز احمد بٹ نے بتایا کہ محکمہ اعلیٰ کثافت والے پھلوں کی 10 لاکھ پودے تقسیم کرنے کیلئے تیار ہے اور کسانوں کو اس کیلئے آگے آنے کی ترغیب دی ہے ۔ ڈائریکٹر زراعت کشمیر محمد اقبال چودھری نے مشیر کو بتایا کہ محکمہ نے عوامی آؤٹ ریچ کے مختلف پروگرام مرتب اور نافذ کئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے اپنی خریف مہم کا آغاز ضلع کپواڑہ کے دور دراز علاقے اور ضلع بانڈی پورہ کے گریز سے نامیاتی مہم سے کیا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں ایم ڈی جے اینڈ کے ایچ پی ایم سی شفاعت سلطان اور سیکرٹری کسانوں کی ترقی کے مشاورتی بورڈ عبدالحمید کے علاوہ بورڈ کے کئی ارکان بشمول کئی ترقی پسند کسان اور ایف پی او ممبران شامل ہیں ۔ قبل ازیں مشیر نے ظہور ریشی کی قیادت میں ڈیپارٹمنٹل ٹیکنوکریٹس کے تیار کردہ ایروپونک ٹاورز کا معائینہ کیا ۔ مشیر نے زرعی انجینئرنگ اور ترقی کے ایسے شعبوں میں پیش رفت کرنے پر محکمہ کی تعریف کی ۔ انہوں نے وادی کے مختلف اضلاع سے ایف پی اوز کی جانب سے لگائے گئے زراعت کے سٹالز کا بھی معائنہ کیا ۔ مشیر نے نمائش پر موجود ہر پروڈکٹ کے بارے میں پوچھا اور انہیں ایل جی انتظامیہ کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔