اپنی پارٹی کا روڑ شو، بخاری کی چھانہ پورہ سے نامزدگی جمع

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے چھانہ پورہ حلقہ انتخاب سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ان کے ہمراہ سینکڑوں کارکنان، حامیوں اور پارٹی کے سرکردہ رہنما تھے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد، بخاری نے چھانہ پورہ حلقے کے رائے دہندگان سے گزارش کی کہ وہ اْنہیں اپنا ووٹ اور تعاون دیکر کامیاب بنائیں تاکہ وہ اس حلقے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے وژن کو عملی جامہ پہنا سکیں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔ یہ حلقہ میرا گھر ہے، اور میرے پاس اس علاقے میں وسیع پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور یہاں کے باشندگان کی فلاح و بہبود کے اقدمات کے حوالے سے ایک وضح وژن ہے۔‘‘اْنہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی انتخابات اپنے بل پر لڑرہی ہے، اسے نہ کسی پارٹی کا تعاون حاصل ہے اور نہ ہی اس نے کسی جماعت کو اپنی حمایت دی ہے۔ شیخ باغ آفس سے روانہ ہونے کے موقعہ پر اْن کے ساتھ سینکڑوں کارکنان، حامی اور پارٹی کے سرکردہ رہنما تھے۔ کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے روڈ شو کا انعقاد کیا گیا، جو لال چوک اور آس پاس کے علاقوں سے ہوتا ہوا ریٹرننگ آفیسر کے دفتر تک پہنچا۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد انہیں جلوس کی صورت میں واپس لایا گیا۔