اپنی پارٹی وفد مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھرسے ملاقی

سرینگر//اپنی پارٹی کے ایک وفد نے میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی کی قیادت میں ہفتہ کے روز مرکزی وزیر مملکت برائے الیکٹرانکس وٹیکنالوجی راجیو چندرشیکھر سے بڈگام میں ملاقات کی۔ وفد میں اپنی پارٹی انچارج چرارشریف حلقہ بھی موجود تھے۔ ایک بیان کے مطابق فاروق اندرابی نے بتایاکہ اپنی پارٹی وفد نے ضلع کے اندر ڈھانچہ کی جامع تجدید کی ضرورت پرزور دیا جس میں وڈون میں خواتین کالج کا قیام، چاڈورہ میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، چار گلیاروں والی چاڈورہ سرینگر سڑک کی تعمیر، سویہ بگ میں کھیل کا میدان اور پرائمری ہیلتھ سینٹر اور ٹیوب ویل کی تعمیر شامل ہے۔ بیان کے مطابق وفد نے وزیر موصوف کو ضلع بڈگا م میں سڑکوں کی خستہ حالت بارے میں بتایا جس کی وجہ سے ٹریفک جام ایک معمول بن کر رہ گیاہے۔ سڑکوں کی تعمیر اور میکڈامائزیشن ناگزیر بن گئی ہے۔ پارٹی ممبران نے مطالبہ کیاکہ ضلع بڈگام میں روزگار پروجیکٹ شروع کرنے کے لئے فنڈز مختص کئے جائیں تاکہ نوجوانوں کو خود روزگار کمانے کے کاموں میں مشغول کیاجائے۔ جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح بڑھتی ہی جارہی ہے اور یہ بات قابل ِ فہم ہے کہ ہرکسی کو سرکاری نوکری دینا ممکن نہیں ۔اس لئے نجی سطح پر بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار کمانے کے قابل بنانے کے لئے اسکیمیں متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔تبادلہ خیال کے دوران مرکزی وزیر صحت کو اپنی پارٹی لیڈران نے زہومہ میں کوآپریٹو بنک شاخ کھولنے کی بھی مانگ کی۔ انہوں نے اپنے مطالبات پر مبنی تفصیلی میمورنڈم بھی وزیر موصوف کو پیش کیا۔ اندرابی کے مطابق وزیر نے بغور اُنہیں سنا اور یقین دلایاکہ وہ مطالبات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔