عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر، محمد اشرف میر کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے پیر کو مائسمہ کا دورہ کیا، جہاں گزشتہ روز رونما ہوئی آگ کی ایک واردات میں تین رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق محمد اشرف میر اور اْن کے ساتھیوں نے متاثرہ کنبوں سے ملاقات کے دوران اس غم کی گھڑی میں اْن کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔اس موقع پر میر نے کہا ’’اپنی پارٹی غم کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے‘‘۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرین کی فوری امداد اور معاوضہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وادی میں سخت سردی کے دن شروع ہونے سے پہلے وہ اپنے مکانات دوبارہ تعمیر کر سکیں۔ میر کے ہمراہ پارٹی کے ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، پارٹی کنوینر حاجی پرویز احمد، جوائنٹ سیکرٹری سرینگر پیر وجاہت، ضلع آرگنائزر شیخ نثار، حلقہ انچارج خانیار اور یوتھ صدر سرینگر محسن ظفر شاہ اور دیگر اشخاص تھے۔