اپنی مدد آپ کا جذبہ | ڈونگی واری کے لوگوں نے خود ہی کچی سڑک تعمیر کرلی

اننت ناگ//اننت ناگ ضلع کے دور دراز گائوں ڈونگی واری ڈورو کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خود ایک کچی سڑک تعمیر کردی۔راشد احمد نامی ایک نوجوان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ عرصہ دراز سے انتظامیہ سے اپیل کرتے آرہے ہیں کہ ڈونگی واری اور ملک آباد کے بیچ سڑک تعمیر کی جائے اور اس سلسلے میں ’’ـ گائوں کی اور‘‘پروگرام کے دوران بھی اس سلسلے میں مطالبہ کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے اُنہیںکئی کلو میٹرل پیدل چلنا پڑتا ہے جس کے بعد اس پسماندہ گائوں کے مکینوں نے فی کنبہ5ہزار روپئے جمع کئے اور تقریباََ2لاکھ جمع ہوئے اور سڑک بنانے کا کام شروع کیا ۔4کلو میٹر اس سڑک کیلئے لوگوں نے ذاتی زمین بھی وقف کی ۔سڑک تعمیر ہونے سے گائوں کے سینکڑوں نفوس کو لمبی مسافت طے کرنے سے نجات مل گئی ۔لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ سڑک کو پختہ بنانے کے لئے انتظامات کئے جائیں۔