اپر کلیاں کوٹرنکہ میں پینے کے پانی کی شدید قلت ،مقامی آبادی سیخ پا

 محمد بشارت

کوٹرنکہ// سب ضلع کوٹرنکہ کے مرکزی پنچایت حلقہ کوٹرنکہ اپر کلیاں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی صحافی شفیق چوہدری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین کی ہٹ دھرمی اور لاپرواہی کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جل جیون مشن سکیم کے تحت ہر گھر کو نل سے جل دینا تو دور کی بات،پرانی لائنوں کی بھی مرمت نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی محکمہ کا کوئی ملازم ان خستہ حال لائنوں کی طرف دھیان دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے خالی برتن لیکر پانی کی قلت پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جل شکتی کو انتباہ دیا ہے کہ نظام میں سدھار لایا جائے۔ لوگوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد محکمہ جل شکتی کے مقامی ملازمین کو متحرک کیا جائے اور جواہدہ بنایا جائے ،ورنہ انہیںپانی کی قلت کو مد نظر رکھتے ہوے مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔