اپر منکوٹ میں پانی کی شدیدقلت ،لوگ دریا پر دربدر | علاقہ کے مرد و خواتین کا محکمہ جل شکتی کیخلاف سخت احتجاج

مینڈھر //سرحدی تحصیل منکوٹ کے اپر منکوٹ علاقہ میں پیدا ہو ئی پانی کی بحرانی صورتحال سے پریشان ہو کر علاقہ مکینوں نے محکمہ جل شکتی ،مقامی و ضلع انتظامیہ پونچھ کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کہاکہ علاقہ میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے اب و دریائوں پر دربدر ہیں لیکن محکمہ کی جانب سے واٹر سپلائی ٹینک بنائے جانے کے بعد سپلائی پاپئیں ہی نصب نہیں کی جارہی ہیں ۔مظاہرین نے کہاکہ اپر منکوٹ گائوںکے محلہ منگلونوںمیں محکمہ جل شکتی کی لاپرواہی کی وجہ سے ابھی تک پائپ لائن ہی بچھائی نہیں جا سکی جبکہ علاقہ میں ا س سے قبل لوگ ایک قدرتی چشمے سے پینے کے لئے صاف پانے لارہے تھے تاہم اب وہ بھی سوکھ گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کی خواتین دو کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے ایک مقامی نالے سے استعمال کرنے کیلئے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں پانی کا ایک سپلائی ٹینک موجود ہے جبکہ اپر منکوٹ گائوںکے محلہ منگلونوںمیں پانی سپلائی کرنے کیلئے محکمہ جل شکتی کی جانب سے ابھی تک پاپئیں نہیں بچھائی جاسکی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جل شکتی زمینی سطح پر عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکا ہے ۔مظاہرین نے بتایا کہ پنچایت کی 2وارڈوں کا پینے کے صاف پانی کا کوئی بندوبست نہیں ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی رابطہ سڑک بھی نہیں بنائی گئی جس کی وجہ سے ان کی مشکلات کا معاملہ مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے ۔مظاہرین نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر ایک ہفتے میں پاپئیں نہیں بچھائی جاتی تو تحصیل کمپلیکس کے سامنے ایک بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا ۔
 
 
 

کٹارمل گائوں میں پانی کی قلت  | پاپئیں بوسیدہ ،عوام شدید پریشان 

پرویز خان 
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے دور افتادہ گائوں کٹار مل میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی کیلئے برسوں قبل بچھائی گئی پاپئیں اب بوسیدہ ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی پور طرح سے متاثر ہو رہی ہے لیکن ملازمین وآفیسران کی جانب سے عوام کو صاف پانی سپلائی کرنے کیلئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پانی جمع کرنے والے ٹینک کی حالت بھی انتہائی خستہ ہو گئی ہے لیکن ملازمین کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں رہتے جبکہ آفیسران بھی اس سلسلہ میں لاپرواہی کا شکار ہو گئے ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایک خصوصی ٹیم کو موقعہ پر بھیج کر سچائی کا جائزہ لیا جائے اور عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔