اٹل انوویشن مشن کو 2023 تک بڑھا دیا گیا

نئی دہلی//یو این آئی// حکومت نے 2000 کروڑ روپے سے اٹل انوویشن مشن کو 2023 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔جمعرات کی شام دیر گئے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مرکزی کابینہ نے مارچ 2023 تک اٹل انوویشن مشن (اے آئی ایم) کو جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے ۔ اے آئی ایم ملک میں اختراعی اور کاروباری ماحول کی ثقافت کو فروغ دے گا۔ اس عمل میں کل 2,000 کروڑ روپے سے زیادہ کا بجٹ خرچ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس مشن میں 10,000 اٹل ٹنکرنگ لیبز (اے ٹی ایل)، 101 اٹل انکیوبیشن سینٹر، 50 اٹل کمیونٹی انوویشن سینٹر قائم کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ اٹل نیو انڈیا چیلنجز کے ذریعے 200 اسٹارٹ اپس کی مدد کی جائے گی۔