سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے بارہمولہ پارلیمانی حلقے کے امیدوار انجینئر رشید نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے اس دعوے کو مضحکہ خیز اور گمراہ کن قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد ریاست کیلئے وزیر اعظم اور صدر کا عہدہ بحال کریں گے ۔ گلمرگ حلقہ انتخاب میں ایک درجن سے زائد پُر جوش عوامی اجتمات میں انجینئر رشید نے کہا کہ عمر عبداللہ ، محبوبہ مفتی اور سجاد لون نے انتخابات سے پہلے ہی اے آئی پی کے تئیں لوگوں کا جوش و خروش دیکھ کر ہار تسلیم کی ہے ۔ انجینئر رشید نے کہا ـ’’قبل اس کے کہ عمر عبداللہ اٹانو می کی بحالی کی باتیں کریں انہیں سمجھنا ہوگا کہ وزیر اعطم اور صدر ریاست کے عہدوں کی تنزلی کس نے کی ۔ کون نہیں جانتا کہ مرحوم شیخ صاحب بطور وزیر اعظم جیل گئے اور 22سال کی رائے شماری کی تحریک کو آوارہ گردی کہہ کر وزیر اعلٰی کی کرسی سے چمٹ گئے ۔ پھر بھی اگر این سی مخلص ہوتی تو 1996سے2002اور 2008سے 2014کے درمیان اٹانومی کی قرار دادکو پوری طرح نافظ کیا ہوتا۔ بلند بانگ دعوئوں سے قبل این سی قیادت کو بتا نا چاہئے کہ کس طرح انہوں نے ریاستی اسمبلی کے اندر افضل گورو کی پھانسی منسوخ کرنے کے متعلق قرار داد کو اسی اکبر لون کے ہاتھوں سبو تاژ کیا جو آج کشمیریوں کے جذبات کی بات کرنے کا دعویدار بن رہا ہے ‘‘۔ انجینئر رشید نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پورے شمالی کشمیر میں لوگ اے آئی پی کے جلسوں میں خلوص کے ساتھ اپنے خرچے پر جوش کے ساتھ شرکت کرتے ہیں ووہ انتخابات سے پہلے کسی ریفرنڈم سے کم نہیں ۔ انجینئر رشید نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ اُن کے جذبات اور احساسات کی اسی طرح شدت کے ساتھ ترجمانی کرتے رہیں گے جس طرح انہوں نے گذشتہ دس برسوں کے دوران اسمبلی کے اندر لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔ انجینئر رشید نے پی ڈی پی قیادت پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبوبہ مفتی اپنے گناہوں کی سزا بھگت رہی ہے اور اُن کی استحصالی سیاست کا اب کوئی خریدار نہیں اور ان کے جھوٹے وعدو ں سے زمینی صورتحال بدل نہیں سکتی ۔