آیوشمان بھارت سکیم کے تحت

 سرینگر // جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت سکمز صورہ میں پونچھ سے تعلق رکھنے والے ایک مریض کے گردوں کی پیوندکاری کی گئی ۔ ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پرویز احمد کول نے آیوشمان بھارت سیل کی جانب سے کیس کو جلد تیار کرنے اور غریب مریضوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ان کی سراہانہ کی ۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کا فائدہ ہر ایک کو ملے گا اور آیوشمان بھارت کے تحت گردوں کی پیوندکاری ایک اچھی شروعات ہے اور آئندہ بھی ایسے مریضوں کو فائدہ ملے گا۔ شعبہ یورولوجی اور کڈنی ٹرانسپلانٹ یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم وانی نے بتایا ’’پہلے گردوں کی پیوندکاری کو آیوشمان بھارت اسکیم میں نہیں رکھا گیا تھا لیکن اب اس کو شامل کیا گیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل RANاسکیم کے تحت گردوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کو دستاویزات جمع کرنے پڑتے تھے اور بعد میں پیونکاری کیلئے تاریخ مقرر کرنی پڑتی تھی لیکن اب آیوشمان بھارت کے اسکیم کے تحت مریض کی فوری طور پر پیوندکاری ممکن ہوسکے گی۔ ڈاکٹر سلیم نے بتایا ’’ پچھلے دو سال کے دوران عالمی وباء کی وجہ سے گردوں کی پیوندکاری کرنے میں مشکلات پیدا ہوئیں لیکن تیسری لہر کے خاتمہ کے بعد اب ہر ہفتہ  پیوندکاری کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ پونچھ سے تعلق رکھنے والے مریض کی کامیاب پیوندکاری جمعرات کو کی گئی،مریض کو Golden Cardکے ذریعے تمام مالی امداد فراہم ہوئی۔ سکمز میں شعبہ ہوسپٹل ایڈمنسٹریشن کے سربراہ اور آیوشمان بھارت کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر غلام حسن یتو نے کہا کہ اب کڈنی ٹرانسپلانٹ کو بھی آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت لایاگیا ہے اور یہ پہلا ٹرانسپلانٹ اسکیم کے تحت کیا گیا ۔