مینڈھر //تحصیل بالا کوٹ کے بھروٹ علا قہ میں محکمہ صحت کی جانب سے قائم کر دہ آیورویدک ڈسپینسری خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بھروٹ ڈسپینسری کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے جبکہ تعینات ملازمین بھی مہینے میں ایک بار ہی حاضر لگانے کیلئے آتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حد متارکہ کے قریب ہو نے کی وجہ سے مذکورہ علا قہ کی عوام اکثر سرحدی فائر نگ کی زد میں رہتی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں جبکہ انتظامیہ عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانیوں کے ساتھ ساتھ دعوے بھی کررہی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ ڈسپینسری کی عمارت اب کھنڈرات میں تبدیل ہو تی جارہی ہے جبکہ عمارت کے اندر رکھا گیا سامان بھی بوسیدہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بھروٹ علا قہ میں عوام کو صحت کے حوالے سے جدید اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں ۔اس سلسلہ میں آیورویدک شعبہ کے ڈسٹر کٹ افیسر ڈاکٹر منظور نے بتایا کہ بالاکوٹ کا دورہ کر کے آیورویدک ڈسپینسری کی حالت کاجائزہ لیا جائے گا جبکہ ملازمین کی حاضر ی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔