آپسی جھگڑے پر ہورہی ’خاندانی پنچایت ‘میں فائرنگ | 2افراد زخمی،ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع

راجوری//سرنکوٹ کے علاقے اقبال نگر میں ازدواجی تنازع پر دو خاندانوں کے درمیان ہونے والاایک ’پنچایتی اجلاس‘خونریزی میں بدل گیا جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب میاں بیوی کے اہل خانہ نے ازدواجی تنازعہ طے کرنے کیلئے میٹنگ کی تو دونوں فریقین میں کسی بات پر زبانی تکرار اور جھگڑا ہوگیا۔جھگڑے کا واقعہ اس وقت خونریزی میں بدل گیا جب شوہر نے مبینہ طورپر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی جس میں دو افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں ملزم کی بیوی کا بھائی اور چچا شامل ہیں۔دونوں زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ وہاں زیر علاج ہیں جبکہ دنوں کو خطرے سے باہر بتایا جارہا ہے ۔زخمیوں کی شناخت مشتاق احمد ولد عالم دین سکنہ نکہ منجہاڑی مینڈھر اور واحد انجم ولد عارف حسین سکنہ درابہ سرنکو ٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں زخمی زیر علاج ہیں جبکہ آخری اطلاعات ملنے تک ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جارہے تھے ۔