آؤ چلیں گائوں کی اور کا تیسرا مرحلہ

 اودھمپور//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے بیک ٹو ولیج مرحلہ سوم کے دوسرے دن اودھمپور کی نیلی نالہ پنچائت کا دورہ کیا جہاں پنچائتی راج اداروں کے نمائندوں اور لوگوں نے اُن کا گرمجوشی سے استقبال کیا ۔اس موقع پر مقامی پنچائت کے سرپنچ نے کئی مانگیں پیش کیں جن میں نالہ پر پُل کی تعمیر ، چھنگ علاقے میں کھیل میدان ، ڈگری کالج کی تعمیر میں سرعت لانے ، بھیم دیو ستھان پر نیلی نالہ میں سیاحتی ہٹ کی تعمیر ، نیلی نالہ کیلئے نیابت ، ذیلی سڑکوں کی تعمیر ، طبی مراکز اور کمیونٹی ہالوں کی توسیع ، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع شامل ہیں ۔ مشیر نے کہا کہ پروگرام کے انعقاد کا مقصد پنچائتوں کو بااختیار بنا کر زمینی سطح پر سکیموں کی عمل آوری اور اُن کے اثرات کا جائیزہ لینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم سے پنچائتیں مستحکم بنیں گی ۔ مشیر نے نیلی نالہ پنچائت میں گرام سبھا کے دوران لوگوں سے تبادلہ خیال کیا اور ان سے علاقے میں سرکاری سکیموں کی عمل آوری پر جاری پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوںنے پنچائتی راج اداروں کے نمائندوں کو نئی تکنیکیں بشمول پالی گرین ہاوسز ، ماحول دوست تالابوں کی تعمیر ، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے ، پائیدار زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ پنچائتوں کو مزید اختیارات تفویض کرنے اور رقومات فراہم کر کے بااختیار بنایا گیا ہے ۔ مشیر نے ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور کے ہمراہ مختلف محکموں کی جانب سے مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں مقامی لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے کے اسٹالوں کا معائنہ کیا ۔ 
 

سکوٹ پنچایت میں سڑکوں کا افتتاح ، اسناد تقسیم  

رام بن//بیک ٹو ولیج مرحلہ سوم کے دوسرے دن کاسکوٹ پنچائت میں کافی گہما گہمی رہی ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر اکنامک ری کنسٹریشن ایجنسی ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ جو کہ کاسکوٹ بانہال پنچائت کے دورے پر تھے ، نے مقامی گرام سبھا میں شرکت کی جس میں پنچائتی راج اداروں کے ارکان اور مقامی لوگ موجود تھے ۔ ڈاکٹر عابد نے جاری بی 2 وی 3 پروگرام میں گرام سبھا کے رول کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام متعلقین کیلئے اپنے متعلقہ علاقوں کی تعمیر و ترقی سے متعلق آرزوؤں اور امنگوں کو پیش رکھنے اور ان پر غور و خوض کرنے کیلئے ایک معقول پلیٹ فارم ہے ۔ دورے پر گئے افسر نے پنچائت کے نائیک پورہ اور پرواگن وارڈوں میں سڑکوں کا افتتاح کیا اور بڑی سڑک سے زیارت شریف چھان پورہ تک جانے والی سڑک کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے بالی بال ٹورنامنٹ کا بھی افتتاح کیا اور طلاب میں سپورٹس کٹس اور دیگر ساز و سامان تقسیم کیا ۔ ڈاکٹر عابد نے ایک صحت مند اور خوشحال زندگی کیلئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیل کود سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنی شخصیت کی کلہم ترقی کو یقینی بنائیں ۔آئی سی ڈی ایس اور دیگر محکموں کے کام کاج کا جائیزہ لینے کے دوران ڈاکٹر عابد نے متعلقہ افسروں کو زمینی سطح پر نتایج کے حصول کیلئے اپنی کوششیں دوگنی کرنے کیلئے کہا ۔ اس موقعہ پر علندار کی بستی جو کہ ایک پہاڑی چوٹی پر واقع ہے میں عوامی شنوائی کا انعقاد کیا گیا جہاں مقامی لوگوں کے مسائل سُنے گئے اور اُن کا ازالہ بھی کیا گیا ۔