آورہ بیروہ میں احتجاج اور پتھرائو،5اہلکارزخمی | قبرستان میں ٹین شیڈ تعمیر کرنے کا الزام

ارشاد احمد
بڈگام//بیروہ کے ملحقہ علاقہ آورہ میں مقامی لوگوں نے اتوار کو قبرستان میں مبینہ تجاوزات کے خلاف سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔اس موقع پر مشتعل افراد نے ٹین شیڈ کو نذر آتش کردیا ۔ احتجاج کے دوران پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بیروہ کے علاقہ آورہ میں ایک شخص نے قبرستان میں ٹین شیڈ بنادیا جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں نے سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت روک کر فوری طور پر ٹین شیڈ کو گرانے کی مانگ کی۔احتجاج کے بعد مشتعل افراد نے ٹین شیڈ جلا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین کو منانے کے لئے پولیس پارٹی کو فوری طور پر موقع پر بھیجا گیاتاہم مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس دوران کم از کم پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں ایک پولیس اہلکار کے سر پر چوٹیں آئی ہیں جسے ہسپتال میں داخل کردیا گیا جبکہ چار دیگر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔پولیس نے معاملے کی نسبت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی۔