آنگن واڑی ورکروں کیلئے دوسرے مرحلے کے تربیتی پروگرام کا افتتاح

 
 
سرنکوٹ //ECCE کے تحت سی ڈی پی او دفتر سرنکوٹ میں دوسرے تربیتی کیمپ کا افتتاح ایس ڈی ایم نریش ڈینگرا نے کیاجبکہ بفلیاز میں ایسا ہی پروگرام اختتامپذیر ہوگیا۔اس موقعہ پر سی ڈی پی او سرنکوٹ تاج النساء ،زونل ایجوکیشن آفیسر الطاف بخاری ، ماسٹر چوہدری جاوید ،ریسورس پرسن ماسٹر جاوید خاقانی بھی موجود تھیں۔تاج النساء نے کہا کہ ECCE کے تحت چھ روزہ تربیتی کیمپ جو کہ چالیس آنگن واڑی ورکران پر مشتمل ہے، کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع کیا جا رہا ہے جبکہ پہلا چالیس ورکران کا گروپ گزشتہ دنوں ہی مکمل کیا گیا ہے۔انہوں نے پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی کیمپ کے ذریعے سے آنگن واڑی ورکران کو مکمل طور پر بچوں کی دیکھ بھال اور بنیادی تعلیم کے متعلق جانکاری دی جائے گی۔ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے سی ڈی پی اودفتر بلاک بفلیاز کا بھی دورہ کیا جہاں ECCE کے 6 روزہ تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی تھی ۔انہوںنے ورکروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ عورت کا سماج میں بہت بڑا رول ہے اور بچوں کی ابتدائی نشوونما کا اچھے ڈھنگ سے ہونا بہت ہی اہم ہے۔ انہوں نے سی ڈی پی او سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی قسم کی ضرورت محسوس کریں تو بلا جھجھک وہ ان سے رجوع کر سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اس پروگرام کو شروع کئے جانے سے بچوں کو کافی حد تک تحفظ ملا ہے ۔اس دوران بی ایم او سرنکوٹ ذوالفقار چودھری ،سی ڈی پی او سرنکوٹ تاج النساء ،بی ڈی او بفلیاز قدیر چاڑک مہمانان کے طور پر شریک ہوئے ۔اس موقعہ پر پروگرام کے کوآرڈی نیٹر اور ریسورس پرسن راجا وسیم ملک بھی موجود تھے۔سی ڈی پی او بفلیاز پروین اختر نے پروگرام کے حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ 6 روزہ تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا ہے جس میں چالیس آنگن واڑی ورکران کو تربیت دی گئی ہے اور نو نہال بچوں کے ابتدائی دیکھ بھال اور ابتدائی تعلیم کے لئے ان ورکران کو تربیت دی گئی ۔پروگرام کے اختتام میں سی ڈی پی او بفلیاز پروین اختر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔