آنگن واڑی ورکروں پر مشتمل جلسے منعقد کرنا مضحکہ خیز:لبریشن فرنٹ

 سرینگر// لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے اس بیان کہ جس میں انہوںنے کشمیر کے جوانوں کو ذہنی طور پر پریشان قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ بے روزگاری ان کے احتجاج کا ایک سبب ہے‘ کو مضحکہ خیز اور محبوبہ مفتی کی ذہنی و اخلاقی پستی کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ طاقت کے حصول کیلئے پستی کی کسی بھی حد تک گرسکتے ہیں ان کے ایسے بیانات پر صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور آنگن واڑی ورکرس پر مشتمل نقلی جلوسوں کے اندر خطاب کرنے سے بہتر یہ ہے کہ محبوبہ مفتی ماضی میں دئے گئے اپنے بیانات اور اعمال کا جائزہ لیں۔علاوہ ازیںایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ نے حریت قائد فضل الحق قریشی کی بھابھی صاحبہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ،مرحومہ بشیر احمد قریشی کی اہلیہ تھیں۔ بٹ صاحب نے مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کرتے ہوئے ان کی جنت نشینی کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔