آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز عید پر بھی تنخواہوں سے محروم

عشرت حسین بٹ
منڈی// آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ کے تحت منڈی تحصیل میں کام کر رہیں آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپر کو عید پر بھی تنخواہوں سے محروم رکھا گیا جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز کی ضلع صدر نصیب جان نے اس حوالے سے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی جانب سے ہر محکمہ کے کام آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز سے لیا جاتا ہے جبکہ انہیں گزشتہ نو ماہ سے تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ عید سے قبل ان کی تنخواہیں وگزار کی جائیں گی مگر ابھی تک محکمہ کی جانب سے کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ آج عید ہے لیکن ان کے بچے کپڑوں کے لئے ترس رہے ہیں مگر محکمہ کے آعلی آفسران پر جوں تک نہیں رینگتی ان کا کہنا تھا کہ ورکرز اور ہیلپرز کو تنخواہ نہ ہونے کے کارن کافی مشکلات درپیش ہیں۔ رابطہ کرنے پر سی ڈی پی او منڈی عادل احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تنخواہوں کی گرانٹ آ چکی ہے مگر ملازمین کے اکائونٹ نمبرز آن لائن کرنے ہیں جس میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دو دنوں میں ورکرز اور ہیلپرز کو آٹھ ماہ کی تنخواہیں واگزار کی جائیں گی۔