سرینگر//حکومت نے ریاست بھر میں آنگن واڑی مراکز میں معقولیت لانے کے لئے ضلع سطح کے سرکاری پینلوں کو تشکیل دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔محکمہ سماجی بہبود کے سیکرٹری کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے کے مطابق ہر ضلع سطح کی کمیٹی کے سربراہ ڈسٹرکٹ پروگرام افسر آئی سی ڈی ایس ہوں گے۔کمیٹی کے ممبران میں متعلقہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر افسران اور ضلع کے سینئر سی ڈی پی او ہوں گے جنہیں پروگرام افسر نامزد کریں گے۔ضلع سطح کی کمیٹیاں حکومت ہند کی ہدایت کے مطابق موجودہ آنگن واڑی مراکزبالخصوص مرکز میں درج بچوں / مستحقین کی تعداد، نئے مرکز کے لئے گاؤں میں جگہ کی نشاندہی،مستقبل کی ضروریات اور موجودہ آنگن واڑی مراکز کی کارکردگی کا تفصیلی جائیزہ لیں گی۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سی ڈی پی او متعلقہ ضلع کمیٹی کو ایک ہفتہ کے اندر ضروری اطلاع فراہم کریں گے۔یہ کمیٹیاں ایک ماہ کے اندر مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے جو معاملہ کا جائیزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات انتظامی محکمہ کو پیش کریں گے۔
آنگن واڑی مراکز میں معقولیت لانے کا عمل
