آنگن واڑی سپر وائزروں کی تنخواہ غلط اکائونٹ میں جمع

کپوارہ//محکمہ آنگن واڑی میں کام کرنے والے سپروائزروں کی سات ماہ کی رُکی پڑی تنخواہ واگزار کئے جانے کے بعد غلط اکائونٹ ہیڈ میں جمع ہونے کی وجہ سے وہ تاحال تنخواہوں سے محروم ہیں اورپہلے سے ہی مالی دشواریوں میں مبتلاء ملازم ذہنی پریشانی کاشکارہوگئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ ہندوارہ سے تعلق رکھنے والے محکمہ آنگن واڑی کے ملازم گزشتہ سات ماہ سے تنخواہوں سے محروم تھے،تاہم دو ہفتہ قبل حکومت نے اُن کی تنخواہیں واگزر کی ،لیکن وہ کسی طریقے سے ٹریجری کے میجرہیڈاکائونٹ زیرنمبر223میں جمع ہوئی ۔ان ملازمین نے کہا کہ جب وہ اپنی تنخواہوں کی بلیں لیکر ٹریجری افسر کے پاس گئے ،تواُنہیں بتایا گیا کہ اُن کی تنخواہ کااکائونٹ نمبر001ہے اور اُن کی سات ماہ کی واگزار کی گئی رقم سیلیری اکائونٹ میں جمع نہیں ہوئی ہے۔ان ملازمین  نے الزام لگایا کہ ٹریجری ملازمین کی لاپرواہی سے اُن کی رُکی پڑی تنخواہ واگزار نہیں ہوئی اور اس کیلئے انہوں نے مشن ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرسے بھی رابطہ کیا لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ انہوں نے سیکریٹریٹ سے لیکر محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفاترکے بھی چکر لگائے لیکن ان کی فریاد کوئی نہیں سنتا۔آنگن واڑی ورکروں کی یونین کی رہنما عابدہ وار نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ سات ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کے باعث اب انہیں مالی دشواریوں کے علاوہ ذہنی پریشانی بھی لاحق ہوگئی ہے۔انہوں نے لیفٹنٹ گورنرانتظامیہ سے اس سلسلے میں فوری مداخلت کی اپیل کی۔