سرینگر//نیشنل کانفرنس نے وادی اور پیرپنچال کے کئی علاقوں میں قہرانگیز آندھی ،تیز بارشوں ، ژالہ باری ،بادل پھٹنے اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہوئے مالی اور جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے اقدامات کریں۔ پارٹی اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دیکر نقصانات کا تخمینہ لگاکر متاثرین کی امداد کی جائے اور ساتھ ہی جن لوگوں کے مکانات، میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اُن کی مالی معاونت کی جائے اور لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے حق میں بھر پور ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے اور ساتھ ہی زخمی ہوئے افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔ سینئر پارٹی لیڈران میاں الطا ف احمد، سکینہ ایتو، جاوید احمد ڈار، اعجاز جان اور ترجمان عمران نبی ڈارنے کہا کہ وادی سمیت خطہ پیر پنچال اور چناب میں بھی کئی مکانات کو زبردست نقصان پہنچا ہے، کئی لوگوں کے مکانات ناقابل رہائش ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طوفان سے نہ صرف مکانوں کی چھتیں اُڑ گئی ہیں بلکہ پیڑ پودے یا تو اُکھڑ آئے یا ٹوٹ گئے اور میوہ باغات بھی اس آندھی سے نہیں بچ پائے۔لیڈران نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ جن لوگوں کے مکان قابل رہائش نہیں رہے ہیں اُن کے قیام و طعام کا بندوبست فوری طور کرایا جائے تاکہ ان کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔