آندھرا پردیش میں طوفان ’’ پیتھائی ‘‘، عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت

وجے واڑہ//آندھراپردیش میں طوفان ‘‘پیتھائی ’’ کے پیش نظر سرکاری مشنری کو چوکس کردیا گیا ہے ۔ رئیل ٹائم گورننس سوسائٹی کی پیش قیاسی کے مطابق امکان ہے کہ طوفان پیتھائی ضلع کرشنا کے مچھلی پٹنم اور مشرقی گوداوری کے کاکناڈا کے درمیان ساحل کو عبور کرے گا۔  ‘‘پیتھائی ضلع نیلور کے سری ہری کوٹاسے 550کلومیٹر کی دوری پر مرکوز ہے اور یہ 15کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ساحل کی سمت پیش قدمی کررہا ہے ۔ رئیل ٹائم گورننس سوسائٹی اور اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشنس ونگ مختلف اضلاع کے عہدیداروں کے ساتھ تال میل کررہے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ ساحلی اضلاع کے 234مواضعات کی نشاندہی طوفان سے متاثر ہونے والے غیرمحفوظ مواضعات کے طور پر کی گئی ہے ۔ مختلف اضلاع میں اسپیشل آفیسرس کو مقرر کیا گیا ہے ۔ ضلع کرشنا میں 181 مواضعات کی نشاندہی طوفان سے متاثر ہونے والے غیرمحفوظ اضلاع کے طو رپر کی گئی ہے ۔ ضلع کرشنا کے کئی مقامات پر بارش ہورہی ہے جبکہ ساحلی آندھراپردیش کے اضلاع میں مطلع ابر آلود اور موسم سرد ہوگیا ہے ۔مغربی گوداوری ضلع کے نرساپورم ’ اچنٹا اور مغل تورو منڈلوں میں طوفان کے راحتی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور راحت سرگرمیوں پر نگرانی کے لئے خصوصی عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی چوکس ہوگئی ہیں۔ سائیکلون کنٹرول رومس تمام اضلاع میں قائم کئے گئے ہیں جس کا نمبر 1100ہے ۔ضلع گنٹور کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر نشیبی علاقوں سے عوام کو منتقل کرنے کے لئے 20راحتی کیمپس تیار رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باپٹلہ ’ نظام پٹنم ’ کاراپالم اور رے پلی منڈلوں کی نشاندہی غیرمحفوظ منڈلوں کے طور پر کی گئی ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا نے آج ساحلی آندھراپردیش کے اضلاع کے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی۔ انہوں نے عہدیداروں سے خواہش کی کہ تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ انسانی جانوں کا کوئی نقصان نہ ہونے پائے اور ضرورت پڑنے پرنشیبی علاقوں میں رہنے والوں کومحفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات بھی کئے جائیں۔یواین آئی