آصفہ زیادتی و قتل کیس

 سرینگر//مسلم لیگ، مسلم کانفرنس ، محاز آزادی ، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ، ینگ مینز لیگ، تحریک استقامت اور سالویشن مومنٹ نے آصفہ کیس میں مجرمین کی حمایت کو مسلم دشمنی اورانسانیت کے مسلمہ اصولوں کے برعکس قرار دیا ہے۔مسلم لیگ کے ایک دھڑے کے امیر اعلیٰ مشتاق الاسلام نے جموں میںبعض وکلاء کی جانب سے ملزمین کی حمایت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مسلم دشمنی اور فرقہ پرستی کی آڑ میں یہ لوگ نہ صرف انسانیت کے مسلمہ اصولوں سے انحراف کررہے ہیں بلکہ انسانیت کے اعلیٰ و ارفع اصولوں کو پامال کرنے کے لئے کسی بھی حد کو پار کرسکتے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ان کی اس ذہنیت اور عدالت میں انصاف کے حصول میں روڑے اٹکانے کے اس قبیح عمل سے ہمیں تعجب نہیں البتہ اس بات کا خلاصہ ہوا کہ خود کو دانشور کہلانے والے کس قدر ذہنی دیوالیہ پن کا شکار ہیں۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو، ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے ملزمین کی حمایت کی  مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حرکت سے انسانیت کا سر شرمسار ہوا ہے ۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے ملزمین کی حمایت پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکت کوئی جاہل اور بزدل ہی کرسکتا ہے ۔