سرینگر//حریت (گ) نے دختران ملّت سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی پرسنل سیکریٹری فہمیدہ صوفی کی رات کے دوران گرفتاری کی مذمت کی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق حریت نے آزادی پسند رہنما سرجان برکاتی کی شوپیان تھانے میں مارپیٹ کرنے اور ان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کی بھی سخت نکتہ چینی کی ۔ بیان میں آسیہ کے گھر چھاپہ ڈالنے کے طریقہ کار پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے کہا گیا کہ فورسز چادر اور چاردیواری کے تقدس کا بھی احترام نہیں کرتی ہیں اور صنف نازک کے ساتھ انتہائی ناشائستہ سلوک روا رکھتی ہیں۔ بیان میں حریت ترجمان ایاز اکبر نے کہا کہ خاتون رہنما آسیہ اندرابی کی صحت ایک عرصے سے ناساز ہے اور وہ کئی عارضوں میں مبتلا ہیں، البتہ پولیس نے اس کی کوئی پرواہ کئے بغیر انہیں حراست میں لیا ہے،جو ان کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔