نئی دہلی// ہندستان اور آسیان کے مابین شراکت داری کے 30ویں سال کے موقع پر 2022کو ہندستان آسیان دوستی کے سال کے طورپر منایا جائے گا۔وزیراعظم نریندر مودی نے ہندستان آسیان چوٹی کانفرنس کو ورچول طریقہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔کووڈ وبا کی وجہ سے مسلسل دوسرے سال بھی ہندستان آسیان چوٹی کانفرنس ورچول طریقہ سے منعقد کی گئی۔ اس کی صدارت آسیان کے صدر برونئی سلطان حسن البلقیہ نے کی۔ مودی نے اپنے خطاب میں کہاکہ آسیان کا اتحاد اور مرکزیت ہمیشہ ہندوستان کے لیے ایک اہم ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں باہمی تعاون مستقبل میں ہمارے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔وزیر اعظم مودی نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن کے 18ویں اجلاس کو ورچوئل میڈیم کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کووڈ-19 کی وجہ سے بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن یہ مشکل وقت بھارت اور آسیان کے درمیان دوستی کاایک پیمانہ بھی تھا۔ کووڈ کے دوران ہمارے باہمی تعاون نے ہمارے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی بنیاد رکھی ہے۔
آسیان کا اتحاد اور مرکزیت ہندوستان کی ترجیح :مودی
