یروشلم// آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا مقبوضہ بیت المقدس کو صیہونی ریاست اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی حکام کی جانب سے بھی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے کہ تاہم آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سفارت خانہ اس وقت یروشلم منتقل کریں گے جب تک امن معاہدہ نہ ہوجائے۔ اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا فلسطیینوں کی اپنی ریاست کی خواہش کو بھی تسلیم کرتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسٹریلوی وزیر اعظم نے سیاست دانوں اور غیر ملکی اتحادیوں سے مشورے کے بعد یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پیراگوئے اور گوئٹے مالا نے بھی اپنے سفارت خانے تل ابیب سے یروشلم منتقل کردئیے تھے تاہم پیراگوئے نے حکومت تبدیل ہوتے ہی اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں غیور فلسطینیوں نے ناجائز ریاست اسرائیل کی سرحد پر احتجاج کیا۔ خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے مظاہرین کو پسپا کرنے کیلیے ایک مرتبہ پھر نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا۔ فلسطینی خبر ایجنسی کا کہنا ہے ک اسرائیلی افواج نے نہتے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور بے دریغ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 60 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے جس میں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل سرزمین فلسطین پر طویل عرصے سے قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 18 سالہ محمد حسام نامی ذہنی معذور فلسطینی شہید ہوگیا۔