آسٹریلیا میں داخلے کے ضوابط پر عمل کرنے میں ناکامی کا شاخسانہ

 ملبورن/آسٹریلیائی حکومت نے عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کو ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لئے آسٹریلیا میں داخل ہونے کے ضوابط پرعمل کرنے میں ناکام رہنے کے بعد ان کا ویزا منسوخ کرکے انہیں وطن واپس بھیج دیا ہے ۔آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہا، ‘‘جوکووچ کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ ضوابط ضوابط ہیں، خاص طور پر جب بات ہماری حدود کی ہو تو ان ضوابط سے بالاترکوئی نہیں ہے ۔ ہماری مضبوط سرحدی پالیسیاں آسٹریلیا کے لیے اہم رہی ہیں۔ ہمارے ملک میں کورونا وبا سے اموات کی شرح دنیا میں سب سے کم ہے ، ہم نے چوکس رہنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔موریسن نے جوکووچ کوآئندہ آسٹرلین اوپن میں مقابلہ کرنے کے لئے کورونا ویکسین کی حیثیت واضح کرنے سے رعایت ملنے کے ایک دن بعد بدھ کو کہا تھا کہ جوکووچ کے لئے کوئی خاص اصول نہیں ہوناچاہیے ۔دریں اثنا، آسٹریلین بارڈر فورس (اے بی ایف) نے بی بی سی کو دئے ایک بیان میں کہا کہ غیر شہری، جن کے پاس آسٹریلیا میں داخلے کے لئے درست ویزا نہیں ہے یا جن کا ویزا منسوخ کردیاگیا ہے ، انہیں حراست میں لیاجائے گا اورآسٹریلیا سے باہرنکال دیاجائے گا۔قابل ذکر ہے کہ آسٹریلین اوپن کے دفاعی فاتح جوکووچ نے منگل کو ایک ٹویٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ رعایت کی اجازت کے ساتھ سیزن کے پہلے گرینڈ سلیم میں شرکت کے لیے آسٹریلیا جائیں گے ۔(یواین آئی)