کراچی//آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان پہنچ گئی، ایئرپورٹ سے ٹیم کو سخت سیکیورٹی سے ہوٹل منتقل کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے ٹیم کا استقبال کیا۔ پاکستان پہنچنے والے آسٹریلیا کے 35 رکنی دستے میں پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف گرین برگ بھی شامل ہیں، آسٹریلوی ٹیم آج آرام کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آسٹریلیا میں 3 روزہ آئیسولیشن کرنے والی کینگرو ٹیم کل سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم آج سے اپنی تیاریوں کا آغاز کردے گی۔ پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ بحالی کے لیے بگ تھری ممالک میں سے آسٹریلین کرکٹ ٹیم دورۂپاکستان پر آنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ کراچی پہنچنے کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 24 سال بعد پاکستان آئے ہیں، دورے کو انجوائے کرنا چاہتے ہیں، کرکٹ فینز سے درخواست ہے کہ اسٹیڈیم آکر دورے کو یادگار بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دورے سے پہلے اچھی تیاری کرکے آئے ہیں، پاکستان میں خود کو بہت محفوظ محسوس کر رہا ہوں، یہاں کے تمام لوگ بہت پروفیشنل ہیں، پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات بہت اچھے ہیں۔ آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ہم پاکستان میں بہت آرام سے ہیں، سیکیورٹی بہت پروفیشنل ہے، بھارت کے دورے میں بھی زیادہ باہر نہیں جاتے تو ہمیں اس کی عادت ہے، بہت زیادہ سیکیورٹی کرکٹ سے توجہ نہیں ہٹائے گی۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان پہنچ گئی
