آستانہ عالیہ بخاری اڑائی میں2روزہ عرس اختتام پذیر

 
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں واقع آستانہ عالیہ بخاری اڑائی میں دو روزہ عرس اختتام پذیر ہوگیا جس میں ریاست بھر کے مختلف مقامات سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوںشرکت کی ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی آستانہ عالیہ بخاری اڑائی میں دو روزہ عرس منعقد کیا گیا تھا جس کے پہلے روز ختمات شریف پڑھے گئے جبکہ دوسرے روز نعت و منقبت قصائد اورعلماء نے اولیا اللہ کی سیرت پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے ان کی پیروی کرنے کی تلقین بھی کی۔ جس کے بعد دعائیہ کلمات سے عرس اختتام پذیرہوا ۔ آستانہ عالیہ بخاری اڑائی میں دو روزہ منعقد اس عرس میں جہاں مقامی لوگوں نے شرکت کی وہیں سرینگر کے اڑی بارہمولہ کے علاوہ راجوری پونچھ اور دیگر علاقہ جات سے عقیدت مندوںنے حاضری دی ۔ اس دوران آستانہ عالیہ کے چاروں طرف لوگوں کی بھیڑ میں روح پرور مناظر دیکھے گئے جہاں زائرین و مریدین نے اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کئے ۔ آستانہ عالیہ بخاری اور عرس کے حوالے سے سجادہ نشین آستانہ عالیہ سید عنایت حسین بخاری نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ قریباً 150 سال سے عرس کا یہ سلسلہ جاری و ساری ہے جس دوران ان کے آباؤ اجداد اس عرس کا اہتمام کرتے تھے اور اب اس عرس کو ان کے زیر اہتمام منایا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ اس آستانہ عالیہ میں حضرت سیّد بہادر شاہ بخاری حضرت سیّد اکبر شاہ بخاری سیّد حفیظ اللہ و سید علی شاہ اور حضرت سید عباس شاہ و سیّد یاسین شاہ مدفن ہیں جس پر ہر سال عقیدت مند ہزاروں کی تعداد میں مختلف علاقہ جات سے پہنچ کر اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہیں ۔ عرس کے اختتام پر دعائیہ کلمات کے بعد مہتمم سیّد عنایت حسین بخاری اور سیّد عین الحسن بخاری نے تمام شرکاْ کا شکریہ بھی ادا کیا۔