آسام ،بنگلہ دیش اور نیپال میں سیلاب کا قہر | 200 سے زائد ہلاکتیں،لاکھوں افراد بے گھر

نئی دلی //جنوبی ایشیا میں مون سون بارشوں اور طوفان نے بڑے پیمانے میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں بھارت کی ریاست آسام ، بنگلہ دیش اور نیپال میں  221 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔سیلاب سے تینوں ممالک میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہے۔رواں ماہ کے آغاز سے ہونے والی بارشوںکے نتیجے میںہند۔ نیپال سرحد سے متصل اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے ۔آسام کے دربھنگہ ضلع میںسیلاب نے اپنا قہر ڈھایا اور لوگ سیلاب کے سبب اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔آسام میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 80تک پہنچ گئی ہے ۔ریاست  کے3218دیہات میں سیلاب کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔بی ڈبلیو ڈی بی اور ایف ایف ڈبلیو سی کے مطابق شمال مشرقی ہندوستانی ریاستوں آسام، میگھالیہ، بہار اور مغربی بنگال میں زبردست بارش جاری رہ سکتی ہے جس سے سیلاب کے خطرناک صورت حال اختیار کرنے کا اندیشہ بڑھ رہا ہے۔ادھر بنگلہ دیش میں سیلاب کے بعد 7 لاکھ سے زائد لوگوں کو اپنا گھر چھوڑنے کے لیے مجبور ہونا پڑا اور14 ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ ‘میڈیا رپورٹوں کے مطابق سیلاب سے نیپال میں 117 اور بنگلا دیش میں ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے جنوبی ایشیائی ممالک بالخصوص بھارت، پاکستان، بنگلادیش اور نیپال میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ مزید دو ہفتوں تک جاری رہے گا اور ساحلی علاقوں میں طغیانی اور سیلاب کا خدشہ بھی ہے۔