چیف سیکریٹری کا جموں کشمیرکی ثقافت اجاگر کرنے پرزور
سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ہندوستان کی آزادی کے 75 سال منانے کے لئے ’ ’آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘کے تحت منعقد کی جانے والی مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں داخلہ ، جنرل ایڈمنسٹریشن ، کلچر اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ڈائریکٹر اِنفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے محکمہ ثقافت سے کہا کہ وہ مناسب ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذریعہ کے ساتھ جموںوکشمیر کے شاندار تاریخ اور ثقافت پر تقریبات کا اہتمام کرے۔محکمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ 75 تقریبات کا کیلنڈر وضع کرے جو کہ 75مختلف سرگرمیوں کے تحت 15 اگست 2022ء تک تمام پنچایتوں ، بلاکوں اور وارڈوں میں منعقد کی جائیں۔ تقریبات میں بڑے ثقافتی شو، صوفی اور لوک میلے ، کھیلوں کے تہوار ، ورثہ کے پروگرام او اَدبی سمینار اور سمپوزیم شامل ہوں گے۔محکمہ سیاحت سے کہا گیا کہ وہ نومبر سے جنوری تک تین ماہ کے سیاحتی میلے کا اہتمام کرے تاکہ جموںوکشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات کی نمائش ہو جبکہ بیک وقت گلمرگ ، پہلگام ، سونہ مرگ اور پتنی ٹاپ میں سرمائی فیسٹولوں کا اہتمام کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ سے کہا کہ وہ ڈوگرہ آرٹ میوزیم ، کشمیر آرٹ میوزیم ، مبارک منڈی کمپلیکس اور کلا کیندر میں مختلف نمائشوں کا اہتمام کریں اور جموںوکشمیر کے فن اور ثقافت کو فروغ دینے پر خصوصی زور دیں۔ڈاکٹر مہتا نے امور نوجوان و کھیل کود محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ تمام سکولوں ، کالجوں ، وارڈوں اور پنچایتوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا اہتمام کریں ۔اُنہوں نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر شرکت کے ذریعے پانی کے تحفظ کی سرگرمیاں شروع کرے۔سکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم محکموں سے کہا گیا ہے کہ وہ فریڈم مومنٹ اور جدو جہد کے بارے میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے مختلف یاد گاری سرگرمیاں منعقد کریں۔