آزادی کا امرت مہا اتسو

بانڈی پورہ// ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بانڈی پورہ نے میونسپل کونسل اور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے ولر جھیل کے کنارے ولر ونٹیج کے مقام پرگاندھی جینتی کے سلسلے میں آزادی کا امرت مہااتسو کے عنوان سے تقریب منعقد کی ۔تقریب ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد کی صدارت میں منعقد ہوئی اور تقریب کی منتظم ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بانڈی پورہ ضلع سیکریٹری سب جج فارقہ نذیر تھیں ۔ تقریب میں جن دیگر لوگوں نے شرکت کی اُن میں اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ علی افسر خان، اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر ،منصف جج سمبل ظہور احمد، میونسپل کونسل کے چیئرمین خورشید احمد گنائی اور ضلع انفارمیشن افسر تھے۔ تقریب میں ضلع افسران کے علاوہ میونسپل کونسل کے ملازمین واسکولی بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مقررین نے اس دن کی اہمیت پر سیر حاصل روشنی ڈالی ۔ اسکولی بچوں نے بھی مقالے پیش کئے اورآخر میں فارقہ نذیر نے بچوں کو ماحول صاف ستھرا رکھنے کے لئے مفید اور سبق آموز جانکاری دی جبکہ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے اختتامی خطاب میں ماحول کو صاف رکھنے اور پالتھین سے گریز کرنے کی تلقین کی ۔ ڈپٹی کمشنر موصوف نے ولر جھیل کی عظمت رفتہ بحال کرنے اور صفائی کے متعلق بھی جانکاری دی ۔