آزادانہ اور منصفانہ انتخابات یقینی

سرینگر// ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما نے پیر کو کہا کہ اضافی فورسز کی کافی تعداد باہر سے آچکی ہے اور آزادانہ ، منصفانہ اور احسن طریقے سے انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ’’انتہائی آرام دہ حفاظتی ماحول‘‘ برقرار رہے گا۔شرما نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اضافی  فورسزکو اضلاع میں تعینات کیا جارہا ہے جب کہ کچھ فورسز ابھی راستے  میں ہیں۔ شرما نے کہا ’’جموں و کشمیر ، خاص طور پر کشمیر میں انتخابات کے پرامن  انعقاد کے لئے سیکورٹی کا  بہت ہی اچھا ماحول ہے‘‘ تاہم ، انہوں نے ابھی تک وادی میں پہنچنے والی اضافی دستوں کی صحیح تعداد ظاہر نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی 165 اضافی کمپنیاں لائی گئیں ہیں تاکہ تمام شریک امیدواروں کے لئے حفاظتی انتظامات کئے جاسکیں۔ان کا کہناتھا کہ اضافی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کاعمل شروع ہو گیا جبکہ آنے والے دنوں میں اسے مزید موثر بنایا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ محفوظ مقامات میں موجود امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے سے منع نہیں کیا گیا ہے تاہم کچھ علاقوں میں سیکورٹی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’جو لوگ یہ دعوی کرتے ہیں کہ انہیں انتخابی مہم میں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے وہ مجھے اور اسی وقت متعلقہ اضلاع کے ایس ایس پیز اور ضلع ترقیاتی کمشنرز کو خط لکھیں۔‘‘ان کا کہنا تھا’’ہر امیدوار کو اپنی انتخابی مہم میں سیکورٹی فراہم کی جائے گی‘‘شرما نے بتایا کہ انہیں عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کی طرف سے ایک خط موصول ہوا ہے اور انہوں نے اس کو زیر غور لایا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو  صوبائی انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا ہے اور اس کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا’’میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ کسی بھی امیدوار کو انتخابی مہم میں جانے سے منع نہیں کیا  جائے گا‘‘۔ شرما نے کہا کہ جس کسی امیدوار کو سیکورٹی یا انتخابی مہم کے علاوہ کسی بھی طرح کی شکایات ہیں ،اُن کاازالہ فوری طورپر کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اضلاع میں انتخابی مہم کے لئے اپنے اسٹار لیڈروں کو انتخاب کرنے کے لئے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ہندوستان میں اس عمل کی پیروی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں موسمی صورتحال کو ملحوظ نظر رکھ کر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اُن علاقوں ،جہاں برفباری ہونے اور راستے بند ہونے کا خطرہ ہے ،میںپہلے ضروری سازوسامان کیساتھ عملہ بھیج دیا گیا ہے ۔شرما نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل میں حصہ لیتے ہوئے چہرے کے ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر کے استعمال سمیت کووڈ سے متعلقہ تمام معیاری عملیاتی طریقہ کار پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ بزرگ ہے یا کورونا کی وجہ سے تنہائی میں ہیں ان کے لئے خصوصی پوسٹل بیلٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔