بارہمولہ// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے وادی کشمیر میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ این آئی اے کے اہلکاروں نے پولیس اور سی آر پی ایف کی مدد سے پرانے شہر بارہمولہ میں ایک شخص کے گھر پر چھاپہ مارا ،جو اس وقت این ڈی پی ایس کیس میں ادھم پور جیل میں بند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدر محلہ خواجہ باغ اور سرینگر کے نشاط علاقے میں بھی چھاپے مارے گئے۔این آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ آر پار تجارت اور ٹیرر فائنانسنگ کیس میں متعدد مقامات پر تلاشی لی گئی۔این آئی اے میں درج کیس کے سلسلے میں ضلع بارہمولہ میں 3 مقامات پر اور پولیس ڈسٹرکٹ ہندواڑہ میں جگہ پر مشتبہ ایل او سی تاجروں اور ان سے منسلک افراد کے احاطوں میں تلاشی لی گئی۔ بیان کے مطابق یہ مقدمہ کراس ایل او سی تجارتی میکانزم کے ذریعے اضافی منافع کمانے اور جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو ہوا دینے کے لیے اس طرح پیدا ہونے والے فنڈز کے استعمال سے متعلق ہے۔ مذکورہ تجارت کا آغاز سال 2008 میں دو تجارتی سہولت مراکز (TFCs) کے ذریعے سلام آباد، ضلع بارہمولہ کے اْوڑی اور ضلع پونچھ میں چکن دا باغ میں کیا گیا تھا۔ اپریل 2019 کے مہینے سے تجارت معطل ہے۔ تلاشی کے دوران مجرمانہ دستاویزات کے ساتھ ڈیجیٹل آلات ضبط کیے گئے ہیں۔
آر پار تجارت سے منسلک افراد این آئی اے کے بارہمولہ اور ہندوارہ میں چھاپے
