آر ٹی آئی کے جوابات آن لائن

 سرینگر//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے ڈیجیٹل انڈیا منصوبے کے ایک حصے کے طور پر آر ٹی آئی جوابات کو اپنی سرکاری ویب سائٹ  www.jklegislativeassembly.nic.in پر آن لائن دستیاب رکھا ہے۔اب سوالات کے جوابات کو ویب سائٹ پر رکھا گیا ہے اور ہر ایک شخص بشمول جواب لینے والا بھی یہ جوابات دے سکتا ہے۔اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے اس سے ای گورننس کے ضمن میں ایک صحیح قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس  قدم سے شفافیت کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ سرکاری کام کاج پر پڑنے والا بوجھ بھی کم ہوگااور دوبارہ آر ٹی آئی کرنے کے امکانات بھی کم ہوں گے۔انہوں نے سیکرٹری اسمبلی اور آئی ٹی برانچ کو اس قدم کے لئے مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ریاست کے شہریوں کو ہر طرح کی خدمات ان کی دہلیز پر دستیاب ہوں ۔ سیکرٹری قانون ساز ایم آر سنگھ نے کہا کہ یہ سہولیت رواں مہینے کے دوران شروع کی گئی اور مارچ 2017 ء سے موصول ہوئی 9درخواستوں کے جوابات پہلے ہی اَپ لوڈ کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی درخواست دینے والے جوابات کی ہارڈ کاپی بھی حاصل کریں گے۔واضح ہے کہ سپیکر موصوف نے ہدایات دی تھیں کہ آر ٹی آئی ایکٹ تک ریاست کے شہریوں کی رسائی ممکن ہوسکے تاکہ انہیں جلد از جلد جانکاری دستیاب ہوسکے۔