آری پل ترال جھڑپ: مکان زمین بوس،بیٹا گرفتار، مکینوں پر افتاد

ترال(آری پل) آری پل ترال میں سنیچر کو فورسز اور جنگجوئوں کے ساتھ تصادم آرائی میںاگر چہ ایک رہائشی مکان کو زمین بوس کرنے کے بعد ملبے سے کچھ بھی برآمد نہیں ہواتاہم اس دوران فورسز نے بیوہ مالک مکان کے کمسن بیٹے کو حراست میں لیا۔ادھر پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایامذکورہ نوجوان کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیاہے۔جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے آری پل میں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میںکوئی بھی نعش برآمد نہیں ہوئی تاہم فورسز نے بیوہ محمودہ کا رہائشی مکان مکمل طور زمین بوس کیا۔جس کے نتیجے میںمحمودہ 3بچوں سمیت کھلے آسمان تلے سردی کے سخت موسم میں زندگی گزارنے مجبور ہوئی۔اس دوران فورسز نے جھڑپ کے بعد مالک مکان کے14سالہ بیٹے فیصل احمد میر ولدمرحوم شہنواز احمد میر کو جھڑپ کے بعد حراست میں لیا،جس کو اتوار کی شام تک رہا نہیں کیاگیا۔ادھر پولیس ذرائع نے بتایا فورسز نے سنیچر کے صبح آری پل کے میر محلے میں حزب کے سرگرم کمانڈر حماد خان کی موجود گی کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد تانترے محلے کو محاصرے میں لے کر تلاشی شروع کی۔ جس دوران افراد خانہ اور دیگر نزدیکی مکینوںکو گھرسے حسب معمول باہر نکال کرمحفوظ مقامات پر منتقل کیا،جس کے بعد تلاشی کاروائی شروع ہوئی ۔ فورسز نے تلاشی کارروائی شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ذرائع  نے بتایا ابتدائی فائرنگ میں ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔پولیس کے ایک سینر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر’’ بتایا کہ جب فورسز علاقے میںپہنچی تو انہوں نے مکینوں کو باہر نکالا اور مکان سے باہر آنے والے 2 بچوں سے پوچھا کہ مکان کے اندر کون ہے ؟تو انہوں نے بتایا کہ مکان کے اندر حز ب کمانڈر ’’حماد خان‘‘ موجود ہے ،اسی اثنا میں جب فورسز کی پارٹی نے مکان کو چاروں طرف گھیرلیا تو اہلکاروں نے مکان مالک کے اسی بیٹے کو وہاں بھیجا اور حماد کو سرنڈر کرنے کے لئے کہا۔تاہم انہوں نے انکار کیا اور لڑکا واپس آیا اور اسی اثنا میںفورسز نے مکان کے اوپری منزل کو آگ لگا دی۔جس دوران مکان میں چھپے بیٹھے جنگجو نے فورسز کی پارٹی پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوا۔ فائرنگ کے ساتھ وہاں کھل بلی مچ گئی اور مجھے خدشہ ہے کہ اسی دوران حماد خان کسی طرح سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔پولیس نے بیوہ کے بیٹے کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا اسے واقعے کے حوالے سے پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیا۔‘‘ْ