’آرمڈ فورسز فلیگ ڈے‘

سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یوم پرچم (فلیگ ڈے ) کے موقع پر منگل کے روز مسلح افواج کو شاندار خراج پیش کرتے ہوئے ان کے لئے اظہار ممونیت کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کا نا قابل تسخیر جذبہ پوری قوم کو عظمت کے حصول کی طرف ثابت قدمی سے آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں سے آرمڈ فورسز فلگ ڈے فنڈ کے لئے دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی۔موصوف نے باتوں کا اظہار اپنے ایک ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ ایک پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا’’آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کے موقع پر میں ممونیت کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج کی بہادری اور ملک کے لئے ان کی بے لوث خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ہماری مسلح افواج تواتر کے ساتھ بہادری کے اعلیٰ معیارات قائم کر رہے ہیں ان کے ناقابل تسخیر جذبہ قوم ہر روز عظمت کے حصول کی طرف ثابت قدمی سے آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہے ‘‘۔ فلیگ ڈے کے موقع پر راج بھون جموں میں محکمہ سینک ویلفئر کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) گرمیت سنگھ شان نے لیفٹیننٹ گورنر کی جیکٹ پر مسلح افواج کا جھنڈا لگایا۔ اِ س موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے آرمڈ فورسز فلیگ ڈے فنڈ میں اَپنا حصہ ڈالا او رتمام حاضر سروس اور ریٹائرڈ ڈیفنس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سابق فوجیوں اور قوم کے دفاع میں اَپنی جانیں گنوانے والوں کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے آرمڈ فورسز فلیگ ڈے فنڈ میں دل کھول کر حصہ لیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ اُن کی قربانیوں کا اعتراف کرنے کے لئے ایک مناسب خراجِ تحسین ہوگا۔بعد میں ڈائریکٹر سینک ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے لیفٹیننٹ گورنر کو سابق فوجیوں ، ویر ناریوں ، ان کے زیر کفالت اَفراد اور آرمڈ فورسز کے خدمت کرنے والے اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے محکمہ کی طرف سے شروع کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میںجانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سینک ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا کہ وہ سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے اَپنی مسلسل کوششیں جاری رکھے۔