آدھار کے اندراجی عمل کا جائزہ

 سرینگر// چیف سیکرٹری بی آر شرما نے یہاں ایک میٹنگ طلب کر کے ریاست میں آدھار کے اندراج کے عمل کا جائز ہ لیا۔میٹنگ میں انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ ، آئی ٹی ، سکولی تعلیم ، سماجی بہبود محکموں کے افسران کے علاوہ صوبائی کمشنر کشمیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ جموں کے صوبائی کمشنر اور UIDAI کے اہلکاروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 18 بر سکی عمر سے زیادہ کے زمرے میں 90 فیصد کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ 5سے 18 سال کی عمر کے زمرے میں یہ کام 50 فیصد مکمل کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری نے ریاست کے باقی آبادی کو آدھار میں درج کرنے کے عمل کو مشن موڈ کے تحت دینے کی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری نے دونوں صوبوں کے کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ماہانہ اہداف کے حصول کے لئے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو بھر پور تعاون دیں۔اس سلسلے میں اگلے 30 روز کے لئے ہدف کا تعین بھی کیا گیا۔صفر سے 18 سال کی عمر کے زمرے کے افراد کے آدھار میں اندراج کے عمل میں تیزی لانے کے لئے چیف سیکرٹری نے سماجی بہبود محکمہ کو نوڈل آفیسر نامزد کرنے کی ہدایت دی۔ سکولی تعلیم محکمہ کے نوڈل آفیسر کو UIDAIحکام کے ساتھ تال میل قائم کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ محکمہ کے اہلکاروں کے لئے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جاسکے۔