آدھار کارڈ نہ بن پانے پر عوام پریشان

پونچھ//ایک طرف جہاں مرکزی سرکار کی جانب سے تمام عوام کے لئے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دیا گیا ہے وہی دوسری جانب اس کی دستیابی کے سلسلہ میں عوام کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وہ لوگ جو دور دراز علاقہ جات میںرہتے ہیں ،کے لئے آدھار کارڈ کو حاصل کرنا ایک جنگ لڑنے کے مترادف ہے کیونکہ یہ لوگ کئی کئی گھنٹو ںکا سفر کر کے پونچھ پہنچتے ہیں اور پھر وہاں ان کسی کی باری آتی ہے تو کسی نہیں ۔ولی محمد نامی ایک شخص نے کہا کہ پونچھ میں عوام کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر میں صرف ایک سیل قائم کیا گیا ہے جہاں لوگوں کے آدھار کارڈ بنتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ایک جگہ پر ہر روز سینکڑو ںلوگ اپنے آدھار کارڈ بنانے کے لئے آتے ہیں اور ان میں سے اکثر یوں ہی واپس لوٹ جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایک شخص کو کئی کئی چکر کاٹنے کے بعد بھی آدھار کارڈ فراہم نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں لوگوں کو کئی طرح کے لوازمات پورے کروائے جاتے ہیں جو کچھ لوگوں کے بس کی بات ہی نہیں ہوتی۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایت کریں کہ لوگوں کو یہ کارڈ آسانی سے فراہم کئے جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح ابتدائی دور میں گائوں گائوں ٹیمیں راونہ کر کے لوگوں کو یہ کارڈ فراہم کئے گئے اسی طرح ایک بار پھر مہم چلائی جائے تاکہ جن لوگوں کے ابھی تک یہ کارڈ نہیں بنے ہیں ان کے کارڈ بھی بن سکیں۔