آج 8پولیس تھانوں میں بندشیں رہیں گی

 سرینگر //اشفاق سعید// ضلع انتظامیہ نے شہر میں آج بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے8پولیس تھانوں میں بندشیں عائد کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔جن پولیس تھانوں کے حدود میں بندشیں رہیں گی، ان میں رام منشی باغ، کوٹھی باغ،مائسمہ، کرالہ کھڈ، شہید گنج، کرن نگر،شیر گڑھی اور بٹہ مالو شامل ہیں۔یاد رہے کہ جمعہ کو آٹھواں محرم ہے اور روایت کے مطابق محرم کا جلوس گرو بازار سے نکلتا تھا جو ڈلگیٹ میں اختتام پذیر ہوتا تھا۔سیول لائز پولیس تھانوں میں دفعہ144سختی سے نافذ کرنے کی وجہ محرم کے جلوس کو نکالنے کی کوشش ناکام بنانا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ میر واعظ کو ایک روز قبل ہی خانہ نظر بند کردیا گیا ہے۔