آج کا ووٹ جموں و کشمیر کی سلامتی کا ووٹ ہے دفعہ 370اب تاریخ کا حصہ ، کبھی واپس نہیں آئے گا:چُگ

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//سچیت گڑھ کوبھارتیہ جنتاپارٹی کاقلعہ بنانے اور پارٹی اُمیدوار گھارورام بھگت کی تاریخی فتح کویقینی بنانے کیلئے ایک اہم پیش رفت کے طورپر پارٹی کے سینئر رہنما وسابق وزیر شام چوہدری نے سچیت گڑھ میں پارٹی کی چناوی مہم کی کمان سنبھال لی ہے۔وہیں اس مہم کا دم دار آغاز درج کراتے ہوئے بھاجپانے سچیت گڑھ میں ایک بھاری عوامی اجتماع منعقدکیاجس میں بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چگ نے سچیت گڑھ اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے امیدوار گھاو رام بھگت کے حق میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، جہاں ترون چگ نے جموں و کشمیر کی سلامتی اور اس کی خوشحالی کو بی جے پی کی کامیابی کا بنیادی مقصد قرار دیا۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری وجموں وکشمیرمیں پارٹی انچارج ترون چگ نے بھاری عوامی اجتماع سے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کی سلامتی اور ترقی کیلئے عوام کو بی جے پی کو ووٹ دینا چاہیے۔چُگ نے کہا’’یہ ووٹ جموں و کشمیر کی سلامتی کا ووٹ ہے۔ بی جے پی نے دفعہ 370 کو ختم کر کے خطے میں استحکام اور امن قائم کیا ہے‘‘۔انہوں نے اس بات کو بھی نمایاں کیا کہ کس طرح 1.50لاکھ کشمیری پنڈتوں کو کشمیر چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا اور اس کا ذمہ دار نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس کو ٹھہرایا۔انہوںنے کہا’’نیشنل کانفرنس اور کانگریس ہی جموں و کشمیر میں مصائب کا سبب ہیں۔ عبداللہ، مفتی اور گاندھی خاندانوں نے جموں و کشمیر کو اپنی ذاتی مفادات کی جنگ کیلئے برباد کیا‘‘۔چگ نے بی جے پی کے ذریعے دفعہ 370 کے خاتمے کو جموں و کشمیر کی ترقی کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا’’بی جے پی نے دفعہ 370 کو ختم کرکے جموں و کشمیر کو ان سیاسی خاندانوں کے قبضے سے آزاد کیا جنہوں نے دہائیوں تک یہاں کے عوام کو استحصال کا نشانہ بنایا۔ اب جموں و کشمیر امن، ترقی، اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے‘‘۔ترون چگ نے عوام کو خبردار کیا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس دوبارہ دفعہ 370 کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اس سے جموں و کشمیر کو پھر سے عسکریت پسندی اور علیحدگی پسندی کے اندھیروں میں دھکیلنے کا خطرہ ہے۔انکاکہناتھا’’یہ پارٹیاں ہمیں دوبارہ اس اندھیرے دور کی طرف لے جانا چاہتی ہیں، لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بی جے پی کبھی ایسا ہونے نہیں دے گی۔ دفعہ 370اب تاریخ کا حصہ ہے اور کبھی واپس نہیں آئے گا‘‘۔چگ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لئے بی جے پی کو ووٹ دیں اور خطے میں دوہری انجن والی حکومت کا قیام ممکن بنائیں، جس میں مرکز اور ریاستی حکومت مل کر ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھا سکیں۔چگ نے عوام سے کہا’’آپ کا ووٹ بی جے پی کیلئے ایک ووٹ ترقی، امن، اور خوشحالی کیلئے ہوگا۔ ہمیں فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کرنا ہوگا اور ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھنا ہوگا‘‘۔