آج سے پھر برفباری متوقع

سرینگر // سردیوں کے شہنشاہ 40روز پر محیط’چلہ کلان‘ کے آخری ایام میں سردی کا زور بدستور جاری ہے اور شبانہ سردی سے لوگ ٹھٹھر رہے ہیں۔ایک دن منفی درجہ حرارت مین تھورٹی سی بہتری آنے کے دوسرے روز ہی پارہ پھر سے منفی 7پر پہنچ گیا جبکہ پہلگام میں منفی 9.3اور گلمرگ میں منفی 7.8ریکارڈ کیا گیا۔ لیہہ لداخ میں منفی 18.4اور دراس کرگل میں منفی 27.1ریکارڈ ہوا۔چلہ کلان 30 جنوری کو ختم ہونے جارہا ہے لیکن اس سے قبل ہی سردی نے زور پکڑ رکھا ہے۔ پچھلے ایک ہفتے سے صرف دو بار منفی درجہ حرارت7ڈگری سے کم رہا۔  سب سے زیادہ منفی 8.4کے بعد منفی درجہ حرارت میں بتدریج  بہتری ہوئی لیکن یہ منفی 7ڈگری سے اوپر ہی رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق  کم سے کم سے درجہ حرارت میں پھر گراوٹ درج ہو نے سے شدت کی سردی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔پانی کے ذخائر بدستور منجمند ہیں، ڈل جھیل کی اوپری سطحجمی ہوئی ہے اور پانی کے نل بھی جم رہے ہیں۔سڑکوں پر کورا لگ جانے سے صبح کے وقت کافی دیر تک چلنا پھرنا محال بن گیا ہے۔
موسمیات محکمہ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا ہے کہ آج سے 24جنوری کی شام تک تازہ برف باری ہونے کا امکان ہے ۔متعلقہ محکمہ کا کہنا ہے کہ وادی میں اس تازہ برف باری سے زمینی و فضائی ٹرانسپورٹ متاثر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21جنوری سے ہی مغربی ہوائیں داخل ہوگئیں ہیں اور بادلوں نے اپنے گھیرا ڈال دینا شروع کردیا ہے۔حالیہ ایام میں برفباری اور شدت کی شبانہ سردی کے دوران دن میں دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو کچھ راحت مل رہی تھی لیکن جمعرات کو دن میں بادل رہنے سے سردی میں مزید اضافی ہوا۔ جمعرات کو دن کا درجہ حرارت 9.6ریکارڈ کیا گیا۔سڑکوں، گلی کوچوں، مکانوں کے صحنوں میں موجود برف جم جانے سے سرد لہریں اٹھ رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا نے کہا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی8.8 ، پہلگام میں منفی 9.3 ، کپوارہ میں منفی 5.9 ، کوکرناگ میں منفی 6.9  ، اونتی پورہ میں منفی 10.6 ، اننت ناگ میں منفی 8.8 ، بانڈی پورہ میں منفی 3.1  ، بڈگام میں منفی 6.8 ، شوپیان میں  منفی10.3 ، پلوامہ میں منفی 8.0 اور، کولگام میں منفی 8.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔