تھنہ منڈی+نوشہرہ//راجوری کے تھنہ منڈی اورنوشہرہ میں دو الگ الگ واقعات میں دو ٹاٹا میجک گاڑیاں خاکستر ہوگئیں ۔تھنہ منڈی کے دداسن بالا علاقے میں سواریوں سے بھرے ہوئے ٹاٹا میجک آٹو کو اچانک سے آگ لگ گئی جس کی وجہ سے وہ پوری طرح سے خاکستر ہوگیا۔ذرائع نے بتایاکہ ترپائی پل سے دداسن بالا روٹ پر چلنے والا ٹاٹا میجک زیر نمبرJK02BD-7259دداسن بالا سے واپسی پرجب لوہر دداسن بالا پہنچا تو اس کے انجن سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گاڑی کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کردیاتاہم اس دوران ڈرائیور اور دیگر سواریوں نے چھلانگ لگاکر اپنی جان بچائی ۔اطلاع ملنے پر محکمہ فائر سروس کی گاڑی بھی موقعہ پہنچی تاہم تب تک ٹاٹا میجک آٹو مکمل طور پر خاکستر ہوچکاتھا۔یہ ٹاٹا میجک محمد اقبال ولد محمد دائود سکنہ دداسن بالا کاہے جس نے بتایاکہ آگ انجن گرم ہونے کی وجہ سے لگی ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔دریں اثناء نوشہرہ کے وارڈ نمبر 5میں پراسرار حالت میں ایک ٹاٹا میجک آٹو آگ لگنے سے خاکستر ہوگیا۔یہ گاڑی وارڈ نمبر 5سے تعلق رکھنے والے رمیش کمار کی تھی جواس نے حال ہی میں خریدی ۔رمیش نے گاڑی کو سڑک کنارے کھڑاکیاتھاجہاں پراسرار طور پر لگی آگ میں وہ خاکستر ہوگئی اور اسے 80فیصد سے زائد نقصان پہنچاہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
آتشزدگی کے واقعات میں2ٹا ٹا میجک خاکستر
